لاہورخود کش دھماکا، 8پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق،40سے زائد زخمی ہوگئے

ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ،زخمی افرادہسپتال منتقل،دھماکے میں پولیس کوٹارگٹ کیاگیا،دھماکا موٹرسائیکل سوارخودکش بمبارنے کیا،وزیراعظم ،آرمی چیف، سیاسی جماعتوں کے قائدین کی مذمت،آرمی چیف کی جوانوں کوریسکیوکاموں میں بھرپورحصہ لینے کی ہدایت،وزیراعظم نوازشریف کی زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت،دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی

پیر 24 جولائی 2017 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل جولائی ء): صوبائی دارلحکومت میں فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خود کش دھماکا ہوگیا،دھماکے میں8پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ دھماکے میں 40سے زائد افرادزخمی ہوئے ہیں،دھماکے کے فوری بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،جبکہ پاک فوج، رینجرز،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیااور ریسکیوٹیموں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

دھماکے میں زخمی افراد کوجنرل ہسپتال،جناح ہسپتال اور اتفاق ہسپتال میں منتقل کردیاگیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ سبزی منڈی کی عمارت گر گئی ہے۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی ہے،دھماکے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

دھماکے سے ایک گاڑی اور3 موٹرسائیکلوں کوآگ بھی لگ گئی۔ابتدائی طور پر بتایا گیاکہ دھماکا ایک چلتی ہوئی گاڑی میں ہوا۔

تاہم بعد میں سکیورٹی حکام نے شواہد سے جائزہ لیکر بتایا کہ دھماکا خود کش تھا اور موٹرسائیکل سوارخود کش بمبار نے پولیس کو نشانہ بنانے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔جائے دھماکا کے قریب ماڈل ٹاؤن کورٹس، ارفع کریم آئی ٹی ٹاور، مسلم لیگ ن کاماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ پنجاب کی ماڈل ٹاؤن میں رہائش سمیت دیگرحساس مقامات بھی ہیں۔کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خود کش دھماکے میں 10سے 12کلوگرام دھماکا خیزمواداستعمال کیاگیا،جبکہ خود کش بمبار کی عمر16سے 18سال کے درمیان بتائی جارہی ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خود کش دھماکے میں 10سے 12کلوگرام دھماکا خیزمواداستعمال کیاگیا۔خود کش بمبار نے خود کش جیکٹ میں بال بیئرنگ کا بھی استعمال کیا۔ واضح رہے اطلاعات کے مطابق ارفع کریم ٹاور کے قریب کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خود کش دھماکاہوا۔جس میں 8پولیس اہلکاروں سمیت 25فراد شہید اور 40سے زائد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب سکیورٹی حکام نے دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کاسراغ لگا لیا ہے،موٹرسائیکل لاہورکے رہائشی عثمان علی کے نام پررجسٹرڈ ہے۔ موٹرسائیکل 15مئی 2017ء کورجسٹرڈ ہوئی۔لاہور خود کش دھماکے کی صدرمملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی جماعتوں کے قائدین نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آئی جی پنجاب پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے پراظہارافسوس کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیاہے۔جبکہ زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔آرمی چیف جنرمال قمر جاوید باجوہ نے دھماکے میں شہید افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پاک فوج کوفوری طور پرریسکیواور ریلیف کے کاموں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔