طاہر القادری کا عید الاضحی کے بعد فیصل آباد ، ملتان ، راولپنڈی میں احتجاجی دھرنوں کا اعلان

ووٹ کا تقدس بحال کرانا چاہتے ہیں ،پہلے یہ بتائیں پامال کس نے کیا، نوازشریف نے چھانگا مانگا کی سیاست پاکستان میں متعارف کروائی حکمرانوںنے معیشت کو تباہ کر دی ،حکمران کہتے ہیں ہم سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں ،ہم سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘شیخ رشید نوازشریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا ‘ سربراہ عوامی تحریک کا مال روڈپر دھرنے کے شرکاء سے خطاب

بدھ 16 اگست 2017 23:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹان پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آخری حد تک جائیں گے ، پاناما کیس میں چور تو پکڑا گیا مگر 14 بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والا قاتل ابھی باقی ہے ،عید الاضحی کے بعد فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے ہوں گے جس کے بعد ملتان اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے مال روڈ پر استنبول چوک میں دئیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شیخ رشید ،ڈاکٹر عاشق فردوس اعوان ، شفقت محمود ، محمود الرشید ، فوا د چودھری سمیت دیگر موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ورثاء نے مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا کہ 17 جون کے شہدا تنہا نہیں، ان لے لواحقین کو نا تو خریدا نہیں جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت انہیں ڈرا سکتی ہے۔

طاہر القادری نے کہاکہ کہتے ہیں 70 سال سے تماشا لگا ہوا ہے مگر میں کہتا ہوں کہ 35 سال سے تو آپ نے تماشا لگا رکھا ہے، 30 سال سے اقتدار کر کے اپنے صرف خاندان کو خوشحالی دی، آپ کہتے ہیں میں ووٹ کا تقدس بحال کرانا چاہتا ہوں مگر پہلے یہ بتائیں پامال کس نے کیا، آپ نے ہی چھانگا مانگا سیاست پاکستان میں متعارف کروائی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، دنیا کی کوئی طاقت انہیں پھانسی کے پھندے سے نہیں بچا سکتی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ 17جون کو لاشیں گرانے والے کس منہ سے انقلاب کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے ملک کو لوٹ لیا ہے، مگر میں کہتا ہوں کہ شہبازشریف صاحب، اشرافیہ تو آپ کا خاندان ہے جس نے ملک کو لوٹا ہے۔طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹان پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے خود کہا تھا کہ باقرنجفی کمیشن رپورٹ میں وزیراعلی پنجاب کو ذمہ دار قرار دیا گیا تو میں حکومت چھوڑ دوں گا، اگر وہ ذمہ دار نہیں تو رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لاتے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے ہوں گے جس کے بعد ملتان اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصل آباد ، ملتان ، راولپنڈی سمیت ملک بھر احتجاج کا دائرہ کا ر پھیلائیں گے ، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کے حصول کے لئے دھرنا دے رہے ہیں ،شریف خاندان 30سال اقتدار کر کے اپنے خاندان کو خوشحال کیا ہے اور ملکوں ملکوں بزنس ایمپائر قائم کر لیئے ہیں ،بیرون ملک ٹھیکوں میں اپنی رجسٹرڈ فرموں کو دے کر فرنٹ مینوں کے ذریعے دولتیں لوٹ رہے ہیں۔

اس موقع دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے کہاکہ اللہ کی مہربانی ہے میں اس قابل نہیں ہوںلیکن جو بھی کہا درست ہوتا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پانامہ کا فیصلہ دینے والے پانچ ججوں کو سلام کہتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوںنے ہماری معیشت تباہ کر دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکمران کہتے ہیں ہم سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں لیکن میں نے چینی سفیر کو کہا کہ ہم سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔