نہال ہاشمی کو دل کا دورہ ، پمز ہسپتال میں انجیو پلاسٹی، 3سٹنٹ ڈال دئیے گئے

بدھ 16 اگست 2017 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن میں کامیاب بائی پاس آپریشن کے بعد عدلیہ کی کردار کشی کرنیو الے سینیٹر نہال ہاشمی کو بھی دل کا دورہ پڑ گیا، پمز ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کر ا کے 3سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کو دل کا دورہ پڑنے پر پمز ہسپتال لایا گیا وہ طویل عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

(جاری ہے)

پمز ہسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی کے چیئر مین ڈاکٹر اختر بندیشہ نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نہال ہاشمی متعدد بار میڈیکل چیک اپ کے لئے ہمارے پاس آئے تھے ، گزشتہ روز انکی کامیاب انجیو پلاسٹی کی گئی ہے جس میں 3سٹنٹ ڈالے گئے ہیں، ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے وہ پہلے سے بہتر ہیں جلد مکمل صحت یاب ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نہال ہاشمی نے جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے حوالے سے توہین آمیز تقریر کی تھی جس کے بعد انہیں توہین عدالت کیسز کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :