مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے جانشین اور پارٹی صدر کیلئے شہباز شریف کا نام فائنل کر لیا

ْ پارٹی الیکشن تک کیلئے سینیٹر یعقوب ناصر کو مسلم لیگ (ن) کا قائمقام صدر بنانے کا فیصلہ

بدھ 16 اگست 2017 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے جانشین اور پارٹی صدر کیلئے محمد شہباز شریف کا نام فائنل کر لیا جبکہ پارٹی الیکشن تک کیلئے بلوچستان سے پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر یعقوب ناصر کو مسلم لیگ (ن) کا قائمقام صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا جس کی منظوری مرکزی مجلس عاملہ (آج) جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں دے گی ۔

بدھ کو نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کو پارٹی کا مستقل صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا جبکہ یعقوب ناصر پارٹی صدر کے انتخاب تک قائمقام صدر رہیں گے ۔ حکمران جماعت کی مرکزی مجلس عامہ کا اجلاس آج جمعرات کو صبح 11بجے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ہوگا جس میں یعقوب ناصر کو قائمقام صدر کی منظوری دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وہ مستقل پارٹی صدر کے انتخاب تک ذمہ داریاں سرانجام دیں گے جبکہ نئے پارٹی صدر کا انتخاب پارٹی کی جنرل کونسلر کرے گی ۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی پانامہ کیس کے فیصلے میں نااہلی کے بعد انہیں نہ صرف وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنا پڑا بلکہ پارٹی کی صدارت سے بھی الگ ہونا پڑا جس وجہ سے یہ عہدہ خالی ہوا ۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق بھی شہباز شریف کوپارٹی کا صدر بنائے جانے کے حوالے سے بیان دے چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کا سیکرٹری جنرل بھی بنایا جائیگا اور دیگر عہدوں کیلئے بھی انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔