پی ٹی آئی کا سیاسی جماعتوں کو ملنے والی بیرونی فنڈنگ کی تفصیلات منظر عام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

صرف تحریک انصاف سے بیرونی فنڈز کی تفصیلات نہ لی جائیں دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی تفصیلات مانگی جائیں ،نعیم الحق مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی

بدھ 16 اگست 2017 16:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء)پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی جماعتوں کو ملنے والی بیرونی فنڈنگ کی تفصیلات منظر عام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے بدھ کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو بیرون ممالک سے ملنے والے فنڈز کو منظر عام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس غیر ملکی پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے تمام فنڈز کا مکمل ریکارڈ موجود ہے اورامریکہ سے جو فنڈز پارٹی کو ملے ہیں اس کی تفصیلات سپریم کورٹ میں بھی جمع کرائی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے یہ استدعا کی تھی کہ پارٹی کے خلاف بیرونی فنڈنگ کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلے تک ملتوی کردی جائے جو کہ مسترد کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی بات یہ ہے کہ صرف تحریک انصاف سے بیرونی فنڈز کی تفصیلات نہ لی جائیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی تفصیلات مانگی جائیں جو کہ اس وقت نہیں کی جارہی ہے،لہٰذا تحریک انصاف نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو بیرون ممالک سے ملنے والی فنڈنگ کی تفصیلات منظرعام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کا کیس کرنے والے اکبر ایس بابر مسلم لیگ(ن) کے ٹکڑوں پر پل رہے ہیں اور انہی کے اشاروں پر تحریک انصاف کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے بعد سے حکمران جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تحریک انصاف کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات دائر کر رہی ہے مگر یہ ان کی بھول ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پوری دنیا سے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کیلئے فنڈز ملتے ہیں۔