قوانین کی خلاف ورزی : فیس بک پر 14لاکھ 40ہزار ڈالر جرمانہ عائد

صارفین کے نجی ڈیٹا تک مشتہرین کی رسائی روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر جرمانہ عائد کیا ہے، اسپین ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی

پیر 11 ستمبر 2017 21:46

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) اسپین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر قوانین کی خلاف ورزی پر 14 لاکھ 40 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔اسپین کی ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی نے بتایا کہ اس نے صارفین کے نجی ڈیٹا تک مشتہرین کی رسائی روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق فیس بک نے اسپین میں اپنے صارفین کی نجی معلومات اکھٹی کیں اور انہیں واضح طور پر یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ معلومات کیسے استعمال کی جائیں گی۔

ہسپانوی ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ فیس بک نے جو ڈیٹا اکھٹا کیا اس میں صارف کے نظریات، مذہبی عقائد، ذاتی پسند ناپسند اور دیگر معلومات شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق فیس بک کی پرائیوسی پالیسی میں عمومی اور غیر واضح قسم کے قوائد و ضوابط موجود ہیں اور صارفین کی ذاتی معلومات اکھٹی کرنے سے قبل ان کے علم میں یہ بات نہیں لائی جاتی جو کہ معلومات کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق ایک صارف نے فیس بک سے درخواست کی کہ اس کی جو بھی معلومات اکھٹی کی گئی ہیں اسے فیس بک کے سرور سے ہٹایا جائے لیکن فیس بک نے ایسا نہیں کیا۔ اس سلسلے میں فیس بک سے رابطہ کیا گیا تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔خیال رہے کہ رواں برس مئی میں فرانس نے بھی صارفین کے ڈیٹا تک مشتہرین کی رسائی کو روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر ڈیڑھ لاکھ یوروز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :