ہمارے روایتی سیاستدانوں اور نوجوانوں کی سوچ میں زمین آسمان کا فرق ہے،پرویزخٹک

تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ، نوجوانوں نے ناکارہ نظام کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی توقعات کے عین مطابق خیبرپختونخوا میں نظام کی اصلاح کے ذریعے مضبوط اور خو شحال پاکستان کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے،پاکستان وسائل کے لحاظ سے کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے پیچھے نہیں،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 11 ستمبر 2017 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں عوام کی خدمت اور مدد کا جذبہ خوش آئند ہے ۔ افسوس کہ ہمارے روایتی سیاستدانوں اور نوجوانوں کی سوچ میں زمین آسمان کا فرق ہے۔تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں نوجوانوں نے ناکارہ نظام کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی توقعات کے عین مطابق خیبرپختونخوا میں نظام کی اصلاح کے ذریعے مضبوط اور خو شحال پاکستان کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔پاکستان وسائل کے لحاظ سے کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے پیچھے نہیں۔ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی وجہ کرپٹ نظام ہے جس کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے تنگی خٹک نوشہرہ میں نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام شمولیتی جلسے اور مانکی شریف ضلع نوشہرہ میں لائق شاہ کے حجرہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماعات سے ضلع ناظم لیاقت خٹک،نائب ناظم اشفاق خٹک اور دیگر مقامی زعماء نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرتنگی خٹک میں کونسلر اسلام بہادر ، شکیل گل،مہدی اکبر، مراد علی خان، نورزمان ، انور خان ، اختر بہادر، سعیداور دیگر جبکہ مانکی شریف میں لائق شاہ، صاحب شاہ، سید بخش، واقف شاہ، گل رحمان خٹک، واحداور دیگر افراد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے تحریک میں شامل ہونے والوں کا خیرمقد م کیااور خصوصی طور پر سوسائٹی کا شکریہ ادا کیاجنہوںنے علاقے میں ترقی اور عوام کی خدمت کا کلچر متعارف کرایا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے باشعور نوجوانوں کی سوچ نام نہاد سیاستدانوں سے بالکل مختلف ہے۔تحریک انصاف نے نوجوانوں میں سیاسی شعور بیدار کیااور نوجوانوںنے نظام کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنادی ہے کیونکہ میرٹ کے بغیر خوشحالی کا تصور ممکن نہیں۔صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام شعبوں میں قابل عمل اصلاحات کیں او ر ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا۔ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھی جس میں حقدار کو حق ملے۔یہی نئے پاکستان کی طرف عملی قدم ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر میں سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن اور اپ گریڈیشن کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

غریب کے بچوں کو معیاری تعلیم دینے کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔ صوبہ بھر میںسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔حاضری یقینی بنانے کیلئے آزاد مانیٹرنگ یونٹ تشکیل دیا گیاجس کے نتائج دیکھے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی طرز پر ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے تاریخی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔

پولیس اور پٹوار سسٹم کو سیاسی مداخلت اور کرپشن سے پاک کرکے حقیقی معنوں میں عوام کاخدمت گار بنانے کیلئے مخلصانہ کوشش کی گئی ہے۔اب رشوت خوری اور بد معاشی کا راستہ بند ہو چکا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام خصوصاً نوجوان ان اصلاحات کے عملاً نفاذاور دیر پا بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے تاکہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں اور حکومت میں آکر ذاتی کاروبار کی حوصلہ شکنی ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کو قدرت نے قدرتی وسائل اور جغرافیائی لحاظ سے بہترین لوکیشن دی ہے ۔ہم کسی سے کم نہیں مگر کرپٹ نظام اور مفاد پرستی پر مبنی حکمرانی نے پاکستان کو آگے بڑھنے نہیں دیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے ایک مضبوط اور شفاف سسٹم کی ضرورت ہے جس میں ادارے فعال اور عوام کے خدمت گار ہوں تاکہ غریب کو اپنے حق کیلئے سیاسی لوگوں کے در کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔

یہی نظام پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔نظام کی اصلاح کے بغیر ہم آئند ہ پچاس سال بھی نہیں بدل سکتے ۔وزیراعلیٰ نے عوام سے کہاکہ وہ اپنے اردگرد ترقیاتی کاموں پر نظر رکھیں۔ یہ عوام کے وسائل ہیں اور عوام کی فلاح میں شفاف طریقے سے استعمال ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ اُن کی حکومت عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تحریک انصاف نے بدعنوان حکمرانی کو ختم کرکے شفاف حکمرانی کا نیا اسلوب متعارف کرایا ہے جس کا تسلسل قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے اور اس مجموعی عمل میں باشعور عوام کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔