سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے برما جانے کا فیصلہ

وہنگیا کی تازہ صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھی بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی جائے ،ْقرارداد حکومت پاکستان برما کے ساتھ فوجی سازو سامان سے متعلق بات چیت کا عمل مؤخر کرکے تجارتی تعلقات منقطع کردے ،ْ مطالبہ

پیر 11 ستمبر 2017 21:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے برما جانے کا فیصلہ کیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی قرارداد کے متن میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق رونگیا مسلمانوں کے علاقے راکھین کا دورہ کرے گی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سینیٹ میں آکر حکومت کا مؤقف واضح کریں اور حکومت پاکستان فوری طور پر میانمار حکومت سے رابطہ کرے جب کہ اس حوالے سے بین الاقوامی برادری سے بھی رابطہ کیا جائے اور روہنگیا کی تازہ صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھی بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی جائے۔

(جاری ہے)

کمیٹی اراکین نے کہا کہ میانمار کی حکمران جماعت کی سربراہ آنگ سانگ سوکی کی خاموشی سے مایوسی ہوئی ہے حکومت پاکستان برما کے ساتھ فوجی سازو سامان سے متعلق بات چیت کا عمل مؤخر کرکے تجارتی تعلقات منقطع کردے جب کہ او آئی سی کو چاہئے کہ وہ بے گھر ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کو سہارا دینے کے لئے فنڈز قائم کرے۔ اور متاثرین کو خیمے، کھانے پینے کی اشیا سمیت دیگر ضروریات کی چیزیں مہیا کی جائیں۔