این اے 4پشاور VٰI ضمنی انتخاب ، صدر مملکت ، وزیراعظم ، چیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ ، ، سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی ، وزراء مشیروں، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی حلقہ میں انتخابی مہم پر پابندی عائد / ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی نہیں کرسکتے، الیکشن کمیشن

پیر 11 ستمبر 2017 18:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہاہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4پشاور IVپر ضمنی انتخاب جو کہ 26اکتوبر 2017کو ہورہا ہے کو شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے شائع شدہ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر مملکت ، وزیراعظم ، چیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ ، سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی ، وزراء مشیروں، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی حلقہ میں انتخابی مہم پر پابندی عائدکی گئی ہے۔

جبکہ اسی حلقہ میں تمام حکومتی عہدیدار ، عوامی نمائندے بشمول مقامی حکومتوں کے عہدیداران کسی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان بھی نہیں کرینگے۔ مزید برآں وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں پر اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ میں سرکاری خزانہ سے اشتہارات کے اجراء اور انتخابات کے دوران سیاسی خبروں اور جانبدارانہ تشہیر کیلئے سرکاری ذرائع ابلاغ کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر 14ستمبر 2017 کو پبلک نوٹس جاری کریگا۔ 18تا 20ستمبر 2017 کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ ان کاغذات کی جانچ پڑتال21تا 23 ستمبر 2017 کو ہوگی۔ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27ستمبر 2017 تک داخل کی جاسکیں گے۔ اور اپیلیٹ ٹرائیبونل ان اپیلوں پر فیصلہ2 اکتوبر2017تک کریگا۔امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی3 اکتوبر تک واپس لے سکیں گے۔

4اکتوبر 2017کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ واضح رہے۔ کہ مذکورہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی گلزار خان کی رحلت کیباعث خالی ہوئی تھی۔ اس ضمنی انتخاب کے لئے ریجنل الیکشن کمشنربنوں محمد نعیم کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ایجنسی الیکشن کمشنر، باجوڑ ایجنسی کو ریٹرننگ آفیسر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر I- پشاور قیصر کنڈی اور سب ڈویڑنل ایجوکیشن آفیسر پشاور ، عرفان کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔