الیکشن کمیشن کا این اے 120پر پی ٹی وی کی جانبدارانہ پالیسی کا نوٹس، جنرل منیجر پی ٹی وی کو طلب کر لیا

پیر 11 ستمبر 2017 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقے این اے 120پر پاکستان ٹیلی ویژن کی جانبدارانہ پالیسی کا نوٹس لیتے ہوئے جنرل منیجر پی ٹی وی کو طلب کر لیا ہے ،حلقے کے ریٹرننگ آفیسرنے مسلم لیگ کی امیدوار کی انتخابی مہم کو بھرپور کوریج دینے اور دیگر امیدواروں کو نظر انداز کرنے پر الیکشن کمیشن کو شکایت بھجوائی تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق ریٹرننگ آفیسر ضمنی انتخاب حلقہ این اے 120 لاہور نے پاکستان ٹیلی ویڑ ن کارپوریشن کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کیس بھجوادیا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی نے مورخہ 10 ستمبر 2017 کو سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے حق میںنکالی جانے والی ریلی کو بھرپور کوریج دی جبکہ حلقے کے دیگر امیدواروں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جس پر ریٹرنگ آفیسر نے پی ٹی وی کی جانبدارانہ پالیسی کے خلاف الیکشن کمیشن کو اقدامات کرنے کی درخواست کی درخواست میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی وی نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی الیکشن مہم جوکہ وہ اپنی والدہ کے لئے کر رہی ہیں تھیں کو براہ راست نشر کرنے او ر اس کو کوریج دی خط میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایک قومی ادارہ کیوں مسلم لیگ (ن) کی ریلی کو کوریج دے رہا ہے اور اسی سلسلے میں جی ایم پی ٹی وی سے تین دن کے اندر وضاحت مانگی جائے کہ صرف مسلم لیگ کو یہ کوریج کیوں دی جار ہی ہے او ر ساتھ ہی یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ این اے 120 میں تمام امیدواروں کو یکساں کوریج دی جائے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان