سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر بیس اہل سنت جماعتوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کر دیا

منگل 12 ستمبر 2017 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ ستمبر ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کے رابطوں کے نتیجے میں بیس اہل سنت جماعتوں نے این اے 120 سے پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی تائید و حمایت کا اعلان کر دیا۔ سنی اتحاد کونسل کے ترجمان کے مطابق احمایت کا اعلان کرنے والی جماعتوں میں سنی اتحاد کونسل، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، تنظیم المساجد پاکستان، سنی علماء بورڈ، تحریک مشائخ اہل سنت، سنی یوتھ ونگ، جانثاران ختم نبوت، انجمن خدام الاولیا، مصطفائی جسٹس فرنٹ، مجلس علمائے اہل سنت، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، انجمن محبین محدث اعظم، سنی یکجہتی فورم، تحریک محبت رسول، مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی، تحریک فروغ فکر اولیاء، آل پاکستان علماء و مشائخ کونسل، انجمن نوجوانان اہل سنت، محاذ اسلامی، انٹرنیشنل سنی فیڈریشن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اہل سنت جماعتوں کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوفیاء کو ماننے والا کوئی ووٹر ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گا۔ اہل سنت جماعتیں ڈاکٹر یاسمین راشد کی کامیابی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ ن لیگ کی حکومت نے سانحہ داتا دربار کے ملزمان اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار نہ کر کے عاشقان رسول کو مایوس کیا ہے۔ ن لیگ فرقہ پرست کالعدم جماعتوں کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔

ن لیگی حکومت نے مساجد سے سپیکر اتار کر اذان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔ پنجاب حکومت نے درود و سلام پر پابندی لگائی۔ اس لئے یارسول اللہ کہنے والا ہر فرد ن لیگ سے نفرت کرتا ہے۔ اہل سنت جماعتیں ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوں گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں اہل سنت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں الیکشن ڈے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :