نظر ثانی اپیلوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک نواز شریف کسی کیس میں پیش نہیں ہونگے،احسن اقبال

عوامی مرکز میں آتشزدگی سے سی پیک کا ریکارڈ محفوظ ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات ستمبر ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب تک نظر ثانی اپیلوں پر سپریم کورٹ فیصلہ نہیں دے دیتی نواز شریف کسی کیس میں پیش نہیں ہونگے۔ عوامی مرکز میں آتشزدگی سے سی پیک کا ریکارڈ محفوظ ہے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کا عہدہ لینے سے انکار کر دیا تھا پارٹی نے ان پر دباؤ ڈالا تب جا کر انہوں نے یہ عہدہ قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر داخلہ کا عہدہ اس لئے نہیں لینا چاہتا تھا کیوں کہ میں نے پچھلے 4سالوں میں سی پیک پر بہت کام کیا تھا اور اسی کو آگے لے کر جانا چاہتا تھا مگر چوہدری نثار کے انکار پر پارٹی نے سینئر ہونے کی وجہ سے یہ عہدہ مجھے دیا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ جب تک نظر ثانی اپیل کا فیصلہ نہیں ہو جاتا وزیرعاظم عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔

نظر ثانی کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عدالتوں میں بھی پیش ہونگے اور نیب کے تمام کیسز کا بھی سامنا کریں گے۔ پرویز مشرف ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں وہ سیاستدان ہیں ان کے لئے رعایت کی گنجائش بنتی ۔ اگر نواز شریف عدالتوں میں پیش ہو سکتے ہیں تو مشرف کیوں نہیں۔ بے نظیر قتل کیس میں مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا کہا گیا ہے مگر میرے پاس جائیداد ضبطی سے متعلق کوئی چیز نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جو آج خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے یہ سب مشرف کی مرہون منت ہے ۔ کیوں کہ وہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں لائے اور لال مسجد پر حملے کے بعد خودکش دھماکوں میں اضافہ ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی مرکز میں آگ کی انکوائری رپورٹ ایک دو روز میں سامنے آ جائے گی مگر آگ سے سی پیک کا کوئی ریکارڈ نہیں جلا۔ سی پیک کا سارا ریکارڈ پلاننگ کمیشن کے پاس موجود ہے۔ لوگ منظوری اور احتیاطی تدبیر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پلازے بنا لیتے ہیں جس کے لئے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ رول اینڈ ریگولیشن پر خصوصی توجہ دیں۔۔