وزیراعلیٰ شہباز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار ، خود کش جیکٹ برآمد ‘

نجی ٹی وی گرفتار دہشتگرد ارفع کریم ٹاور میں پی آئی ٹی بی آفس کے افسر کے ڈرائیور کی نوکری کر رہا تھا ، نامعلوم مقام پر مزید تفتیش جاری مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں تاہم ان کی تفصیلات نہیں مل سکیں‘ ذرائع نجی ٹی وی /ایک مشکوک شخص کو پکڑا گیا ہے‘ وزیر قانون رانا ثناء اللہ

پیر 18 ستمبر 2017 21:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا گرفتار دہشتگرد ارفع کریم ٹاور میں پی آئی ٹی بی آفس کے افسر کا ڈرائیور تھا، قبضے سے ایک خود کش جیکٹ بھی برآمد کر لی گئی ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد ماڈل ٹائون بلاک ایچ کے ایک گھر میں ڈرائیور کی نوکری کررہا تھا جسے حساس اداروں نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گرد کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ بھی برآمد کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد ارفع کریم ٹاور میں پی آئی ٹی بی آفس کے افسر کا ڈرائیور تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں تاہم ان کی تفصیلات نہیں مل سکیں۔اس حوالے سے جب وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایک مشکوک شخص کو پکڑا گیا ہے۔خیال رہے کہ 21 اگست کو ایک میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لاہور کے ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے خودکش حملے کا ہدف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تھے لیکن آخری لمحے دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 26 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔