2019ء تک تیل پر چلنے والے تمام بجلی گھر ہائیڈل ‘ کول اور دیگر سستے ذریعوں پر منتقل کردیں گے‘عابد

شیر علی 18ء تک تمام ٹرانسمیشن لائنوں کی اپ گریڈیشن مکمل ‘ نئے گرڈ سٹیشنوں کی تنصیب اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ،ْ وزیر مملکت کا سینٹ میں اظہار خیال نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا ہے‘ 2018ء کا الیکشن نواز شریف لڑیں گے اور چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے ،ْ میڈیا سے گفتگو

پیر 18 ستمبر 2017 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء)وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 2019ء تک تیل پر چلنے والے تمام بجلی گھر ہائیڈل ‘ کول اور دیگر سستے ذریعوں پر منتقل کردیں گے‘ 2018ء تک تمام ٹرانسمیشن لائنوں کی اپ گریڈیشن مکمل ‘ نئے گرڈ سٹیشنوں کی تنصیب اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

پیر کو سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے بجلی کے مسائل کے حوالے سے جاری تحریک کو سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ ماضی میں سستی ترین بجلی پیدا کرنے کے منصوبے ہائیڈرل پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے طلب اور رسد بڑھتی گئی جس پر آئل اور فرنس سے مہنگی بجلی پیدا کرنا پڑی ہماری ٹرانسمیشن کا نظام بھی فرسودہ تھا اور بجلی پیدا کرکے منتقلی کا سسٹم بھی ٹھیک نہیں تھا۔

(جاری ہے)

2013ء کے بعد جب ہم اقتدار میں آئے تو ریفارمز‘ ریکوری‘ بجلی چوری کو کم کیا‘ ہماری کوشش ہے کہ اس میں مزید بہتری لائی جائے۔ پاور سیکٹر کے لئے گیس اور استعداد کار کو بڑھایا تاکہ زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کر سکیں۔ 2013-15ء میں 89.1 فیصد‘ 2014-15ء میں 89.2 ‘ 2014-16ء میں 94.9 فیصد تک لے گئے ہیں۔ لاسز 79 فیصد پر لے آئے ہیں۔ اس وقت حکومت کی ترجیحی ہائیڈرل بجلی کی پیداوار قابل عمل بنائی جائے۔

تربیلا‘ ہائیڈل منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے ۔ فرنس آئل پلانٹس کی ہائیڈل ‘ کول پر منتقل کر رہے ہیں۔ پنجاب اور سندھ میں تھر کے مقام پر کول پاور پلانٹ لگا رہے ہیں۔ اسی طرح ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بنانے‘ لاسز کو کم کرنے کے لئے ایک پلان بنایا گیا ہے جس میں ڈیفالٹر کے کیسز نیب اور دیگر ایجنسیوں کو بھجوائے جار ہے ہیں۔ جہاں لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں پر لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ ٹی او یو میٹرز انڈسٹریوں اور ٹیوب ویلوں پر نصب کئے گئے ہیں جو بجلی کے استعمال کی مقدار کے وقت کے مطابق تعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 200/300 یونٹس پر سبسڈی دے کر نرخ مقرر کئے گئے ہیں۔ 2013-14ء میں 60.4 فیصد‘ 2017ء میں 76 فیصد سبسڈی صارفین کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نئی پالیسی دی ہے کہ 2019ء تک تیل پر چلنے والے پلانٹس بند کرکے انہیں ہائیڈرل ‘ کول اور دیگر سستی بجلی پیدا کرنے والے ذریعوں پر منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء تک پورے ملک میں ٹرانسمیشن اپ گریڈ ‘ نئے گرڈ سٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ رواں سال کے آخر تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ لاہور کے ضمنی الیکشن میں لوگوںنے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا۔ عمران خان اور باقی تمام جماعتوں کا کہنا تھا کہ این اے 120 کا الیکشن مسلم لیگ (ن) کے خلاف ریفرنڈم ہے تو پھر یہ ریفرنڈم تو مسلم لیگ (ن) نے جیت لیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا ہے‘ 2018ء کا الیکشن نواز شریف لڑیں گے اور چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔ جو خدمت کرتے ہیں ان کو آگے آنا چاہیے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے پانچ ہزار ووٹوں سے ہو یا 20 ہزار ووٹوں سے ہو۔ یہ ان لوگوں کا قبرستان بن گیا ہے جو نواز شریف کی سیاست کو دفن کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 120 سے لوگوں کو اٹھائے جانے کی تحقیقات ہوں گی۔ عوام جس کو اپنے سر کا تاج بنائیں اس کی ہی حکومت ہوتی ہے۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے جو طاقتیںمسلم لیگ (ن) کے خلاف کام کر رہی ہیں ان کو سمجھ آجانی چاہیے کہ عوام کی بالادستی کو ماننا ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کو دو ہزار ووٹ مل گئے ہیں یہ بڑی بات ہے۔