سپریم کورٹ نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی سے متعلق دونوں درخواستیں خارج کر دیں حلقہ میں الیکشن کاعمل مکمل ہوچکا ،لوگ اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیاجائے ، سپریم کورٹ

پیر 18 ستمبر 2017 21:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والی مسلم لیگ ن کی امیدوارکلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی سے متعلق دائر دونوں درخواستیں خارج کر دی ہیں اورکہاہے کہ حلقہ میں الیکشن کاعمل مکمل ہوچکا اورلوگ اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیاجائے ۔

پیرکوجسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ضمنی الیکشن میںحصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر اورعوامی تحریک کے امیدوارکی جانب سے کلثو م نواز کے کاغذات نامزدگی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ یادرہے کہ دونوں امیدوار وں نے کلثو م نوازپر اپنے اثاثے چھپانے کا الز ام لگایا تھا ، اس موقع پردرخواست گزار فیصل میر کے وکیل چوہدری ظفر نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اورانہو ں نے اپنے اثاثے چھپائے ہیں ،جسٹس گلزار احمد نے ان سے کہاکہ اب توحلقے میں الیکشن ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پری الیکشن کا مرحلہ بھی ختم ہو چکا عدالت کس بنیادپران کے کاغذات نامزدگی کامعاملہ دیکھے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فاضل وکیل سے کہاکہ وہ عدالت کوبتائیںکہ کلثوم نواز نے اپنا کونسا اثاثہ ظاہر نہیں کیا، چوہدری ظفر نے بتایا کہ کلثوم نواز نے اپنا اقامہ ظاہر نہیں کیا، جسٹس گلزار نے ان سے کہاکہ کیا وہ پانچ رکنی بنچ کاحوالہ دیناچاہتے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے کہا کہ این اے 120 کے لوگ اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں، عوامی رائے کا احترام کیا جائے چاہے ۔آپ پسند کریں یا ناپسند ، لیکن فیصلہ ہو چکا ہے، جسٹس گلزار نے فاضل وکیل سے کہا اگر ا ن کو عوامی کے فیصلے پرکوئی اعتراض ہے تو وہ ٹریبیونل سے رجوع کریں، سماعت کے دوران جسٹس فائز عیسیٰ نے عوامی تحریک کے امیدوار کے وکیل ا ظہر صدیق سے استفسار کیا کہ ا نہوں نے حتمی فہر ست کے آویزان کرنے سے قبل اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے، عدالت کوبتایا جائے کہ اب وہ کس حیثیت میں اعتراضات اٹھا رہے ہیں ، جس پر ایڈووکیٹ اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، تاہم ان کے موکل نے ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ فورم پر جانا چاہتے ہیں اس ہم اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے دونوں درخواستیں خارج کرتے ہوئے کہاکہ درخواست گزار وں کے مطابق وہ متعلقہ فورم سے رجوع کریں گے اس لئے درخواستیں خارج کردی جاتی ہیں۔