وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی سفیر کی ملاقات، تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال

پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردارلائق تحسین ہے، شہبازشریف پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں،نواف سعید المالکی

پیر 18 ستمبر 2017 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پیر کو سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ عربی زبان میں بھی گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمارا ایسا برادر دوست ملک ہے جو ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط تعلق موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ ،برادرانہ ،مذہبی اورتاریخی تعلقات قائم ہیں اور پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردارلائق تحسین ہے۔

سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ روابط میںوقت کے ساتھ مضبوطی آرہی ہے اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔

خاطر خواہ وسائل قومی ترقی اور عوامی خوشحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب کے سفیر کی تعیناتی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ فلاح عامہ کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔