عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدے میں پاکستان کے کردارکو مثبت اور تعمیر ی قراردیدیا

پاکستان میں معاشی بہتری قابل تعریف ہے ، اصلاحات کے عمل میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے،سربراہ ورلڈ بینک تربیلا 4،5اور داسو منصوبوں میں عالمی بینک کی معاونت پر شکرگزار ہیں،دیامر بھاشا ڈیم کیلئے بھی ورلڈ بینک کے تعاون چاہتے ہیں، پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی شرائط پر کوئی ابہام نہیں ہے ، ہم مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے عالمی بنک کے ساتھ ہیں،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے عالمی بینک کی سربراہ کرسٹالیناجارجیوا کی سربراہ کی ملاقات دونوں جانب سے تعاون اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق

بدھ 20 ستمبر 2017 21:57

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات ستمبر ء)عالمی بینک کی سربراہ کرسٹالیناجارجیوا نے سندھ طاس معاہدے میں پاکستان کے کردارکو مثبت اور تعمیر ی قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ اصلاحات کے عمل میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے عالمی بنک کی سربراہ نے ملاقات کی ۔

ملاقات نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع ہوئی ۔سربراہ عالمی بنک کرسٹالیناجارجیوانے کہاکہ سندھ طاس معاہدے میں پاکستان کا کردار مثبت اور تعمیری ہے،عالمی بینک اب معاہدے میں آگے بڑھنے کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے ۔ عالمی بنک کی سربراہ نے پاکستان میں معاشی بہتری کی تعریف کی اور کہاکہ اصلاحات کے عمل میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تربیلا 4،5اور داسو منصوبوں میں عالمی بینک کی معاونت پر اظہار تشکر کیا اور دیامر بھاشا ڈیم کیلئے ورلڈ بینک کے تعاون کی درخواست کی جو ملک کی پانی کی ضروریات کے حوالے سے نہایت اہم ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی شرائط پر کوئی ابہام نہیں ہے ، ہم مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے عالمی بنک کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم اس منصوبے کے پانی اور بجلی کے اجزا کو الگ کرنے جیسے کچھ جدید حل پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔دونوں جانب سے تعاون اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔