نوازشریف کے اثاثے ڈھونڈنے والو وہ خود پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، اسے بچا لو، کیپٹن (ر) صفدر

پیر 20 نومبر 2017 18:36

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل نومبر ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے اثاثے ڈھونڈنے والے کھوجیوں نوازشریف خود پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نواز شریف نااہل نہیں ہوا بلکہ قوم کا محسن ہے، قائداعظم جیسے لیڈر نے پاکستان بنایا، بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنایا۔

وہ گذشتہ روز پھلڑہ کے مقام پر تناول گیس پائپ لائن منصوبہ کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان، نعیم سخی تنولی، سخی محمد تنولی اور یوسف تنولی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر تناول سمیت این اے 21- میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں تو یہ ان کے اور نعیم سخی کے بس کی بات نہیں ہے، وہ اور نعیم سخی تو اپنے گھروں کیلئے گیس سلنڈر نہیں لے سکتے، یہ انقلاب محمد نواز شریف کی برکت سے برپا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ آپ لوگ پہلے نواب اور چھجڑ خاندان کو اسمبلی بھیجتے رہے ہیں، چھجڑ خان بھی گاڑی میں ڈیزل ادھار لیکر ڈالتا ہے، ہم نے اس کے پیٹ سے بھی 21 کروڑ روپے نکلوائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں پتہ ہے کہ آج آزمائش کا وقت ہے لیکن نوازشریف اور ان کے خاندان کے ساتھ جانثار ساتھی جرأت کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں، اس ملک او قوم کی خاطر وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہود و ہنود کے ایجنڈے پر کام کر کے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں سن لو نااہل نواز شریف نہیں بلکہ وہ قوتیں ہیں جنہوں نے نوازشریف کو نااہل قرار دلوانے میں کردار ادا کیا ہے، آج ہم سب کی ماں لندن کے ہسپتال میں بے یارومددگار پڑی ہے اور نواز شریف ملک میں جرأت کے ساتھ کھڑے ہیں، آج شریف خاندان پر مشکل وقت ہے، ان کی خواتین کو عدالتوں میں لا کھڑا کر دیا گیا ہے، آج اگر خون دینے کی ضرورت پڑی تو یہ داماد اس سے آگے ہو گا۔ انہوں نے کہا کچھ لوگ پوچھتے ہیں کہ نواز شریف کے اثاثے کہاں ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ نواز شریف کے اثاثے ڈھونڈنے والے کھوجیوں نواز شریف خود پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اسکو بچالو۔

متعلقہ عنوان :