خوشحال بلوچستان دراصل خوشحال پاکستان ہے ،ْ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ

پاک فوج خوشحال بلوچستان پروگرام کی کامیابی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو مکمل مدد فراہم کرے گی ،ْ سربراہ پاک فوج

جمعرات 23 نومبر 2017 22:45

کوئٹہ/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خوشحال بلوچستان دراصل خوشحال پاکستان ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے ہمراہ کوئٹہ میں سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا جہاں انہیں سماجی و اقتصادی سکیورٹی صورت حال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر صوبائی انتظامیہ اور فوجی کمانڈرز بھی موجود تھے۔اپنے دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان کی تعمیرو ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خوشحال بلوچستان ہی دراصل ترقی یافتہ پاکستان ہے، پاک فوج خوشحال بلوچستان پروگرام کی کامیابی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو مکمل مدد فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی سے متعلق نکات کی منظوری بھی دی جبکہ آرمی چیف کا یہ دورہ خوشحال بلوچستان اقدام پر عمل درآمد کے سلسلے میں تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خوشحال بلوچستان منصوبے پر تفصیلی با ت چیت اوربعض پہلوؤں پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے جنہیں آ ئندہ چندروز میں حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد خوشحال بلوچستان پروگرام کی تفصیلات جلد شیئرکی جائیں گی۔