میری والدہ میرے بجائے پاکستانی اداکارفواد خان کو پسند کرتی ہیں،رنبیرکپور

فلم ’’خوبصورت‘‘ سے چھاجانے والے فواد خان کا جادو بالی ووڈ کے بڑے بڑے اسٹارزپربھی چل چکا ہے

اتوار 16 جولائی 2017 11:50

میری والدہ میرے بجائے پاکستانی اداکارفواد خان کو پسند کرتی ہیں،رنبیرکپور
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) بالی ووڈ کے نامور اداکاررنبیرکپور نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی والدہ نیتو کپور ان کے بجائے پاکستانی اداکار فواد خان کی دیوانی ہیں۔بہترین اداکاری اورپرکشش شخصیت کے باعث پاکستان سمیت بھارت میں دھوم مچانے والے اداکار فواد خان کے دیوانے پوری دنیا میں موجود ہیں تاہم بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ فواد خان کے دنیا میں بہت سے مداح ہوں گے جو ان سے محبت بھی کرتے ہوں گے لیکن ان کی سب سے بڑی مداح کو میں جانتا ہوں وہ میرے گھرمیں رہتی ہیں اور فواد خان کی اداکاری اور ان کی خوبصورتی کی دیوانی ہیں وہ کوئی اور نہیں میری والدہ نیتوکپورہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی پہلی فلم ’’خوبصورت‘‘ سے پوری بھارتی فلم انڈسٹری پر چھاجانے والے پاکستانی اداکار فواد خان کا جادو بالی ووڈ کے بڑے بڑے اسٹارزپربھی چل چکا ہے، ان کے سحر میں پوری انڈسٹری گرفتارہوچکی ہے اوران ہی میں سے ایک کپور خاندان ہے جوان کا دیوانہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے رنبیر کپور نے فواد خان کی بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ فواد خان سے بے حد متاثر ہیں، فلم اے دل ہے مشکل میں انہوں نے مختصر لیکن جاندار کردار اداکیا تھا تاہم مجھے اس بات کا ہمیشہ افسوس رہے گا کہ کچھ سیاسی رنجشوں کی وجہ سے فواد خان ہمارے ساتھ فلم کی تشہیرمیں حصہ نہیں لے سکے تھے لیکن مجھے امید ہے وہ بہت جلد بھارت آئیں گے اورہم پھر ایک ساتھ کسی فلم میں کام کریں گے۔

انہوں نے فواد خان کیلئے اپنی والدہ کی دیوانگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری ماں فواد خان کی سحرانگیز شخصیت سے بہت متاثر ہیں اور انہیں بے حد پسند کرتی ہیں اگر یہ کہا جائے کہ وہ فواد خان کی سب سے بڑی مداح ہیں تو غلط نہ ہوگا۔