اصلاحات کے ذریعے محکمے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں مدد ملی ہے‘ سی ای او ریلویز

سی پیک کے تحت ریلویز کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے ،آنیوالے چند سالوںمیں محکمے کی حالت یکسر بدل جائیگی‘ جاوید انور

اتوار 16 جولائی 2017 12:20

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء)پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے کہا ہے کہ اصلاحات کے ذریعے محکمے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں مدد ملی ہے ،ریلویز کی اپ گریڈیشن اور ماڈرنائزیشن کے عمل میں2655 کلومیٹر طویل ٹریک کو اپ گریڈ، 364 کلومیٹر ٹریک کو اوورہال جبکہ 814 کلومیٹر ٹریک کو مکمل نیا بنایا جائے گا جبکہ اسکے علاوہ دیگر اقدامات بھی شامل ہیں۔

ایک انٹر ویو میں سی ای او ریلویز جاوید انور نے کہا کہ سی پیک کے تحت ریلویز کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور اس سے یقینی طو رپر آنے والے چند سالوںمیں محکمے کی حالت یکسر بدل جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ ریلویز قوم کا اثاثہ ہے جسے نہ صرف محفوظ بنایا جائے گا بلکہ اس کے ذریعے ملک کی مجموعی آمدن میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اصلاحاتی عمل کے تحت ریلویز بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہم اس پر اطمینان کا اظہار کر سکتے ہیں تاہم ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلویزکی اپ گریڈیشن اور ماڈرنائزیشن کے عمل میں بڑے بڑے کام ہونا ہیں جس میں2655 کلومیٹر طویل ٹریک کو اپ گریڈ، 364 کلومیٹر ٹریک کو اوورہال جبکہ 814 کلومیٹر ٹریک ،2700 پل، 550 موڑ اور 11 ٹنلز اپ گریڈ ہوں گی، 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والے ٹریک کو فینسنگ کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ سسٹم، آٹو بلاک سگنلنگ، آٹو میٹک ٹرین پروٹیکشن، ایڈوانس روڈ وارننگ اور سینٹرلائزڈ ٹریفک کنٹرول کا ماڈرن سسٹم لگایا جائے گا۔

انہوںنے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والی چین کے نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کیساتھ کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کی تفصیلات طے کرلی گئیں ۔کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا جبکہ ٹریک کو ڈبل کر دیا جائے گا۔پاکستان ریلویزاس وقت 65 کلومیٹر سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلا رہا ہے لیکن ٹریک کی اپ گریڈیشن کے بعد یہ رفتار کم از کم 110 اور زیادہ سے زیادہ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی استعداد کار میں بھی اضافے کے لئے کوشاں ہیں جس کے تحت نہ صرف اپنی فیکٹریوں میں بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔کراچی سے حیدر آباد تک موجودہ ٹریک کی اپ گریڈیشن کے علاوہ ایک نیا اور متبادل ٹریک بھی بچھایا جائے گا اور لوکوموٹیوز، رولنگ اسٹاک کے علاوہ والٹن اکیڈمی کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔