ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے حکمرانوںنے خود کو جھوٹ کی دلدل میں اتار لیا ہے ‘ مسرت چیمہ

حکمران جو مرضی تدبیریں کر لیں حق ، سچ سامنے آکر رہے گا ،سی پیک منصوبے کو کوئی خطرہ نہیں‘ تقریب سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے حکمرانوںنے خود کو جھوٹ کی دلدل میں اتار لیا ہے ،حکمران جو مرضی تدبیریں کر لیں حق اور سچ سامنے آکر رہے گا اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں احتساب سے نہیں بچا سکتی۔حلقہ این اے 124کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں خواتین کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران اربوں روپے کی کرپشن سامنے آنے پر چوری اوپر سے سینہ زوری اور چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں لیکن نوشتہ دیوار پڑھ لیا جائے یہ سب بے سود ثابت ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ جن کے ہاتھ صاف ہوتے ہیں وہ ایسے واویلا نہیں کرتے ۔ حکمران ریاستی امورکو چھوڑ کر کرپشن کو بچانے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ سی پیک کے خلاف سازش کی جارہی ہے وہ قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، سی پیک دو خاندانوں نہیں بلکہ دو ریاستوں کے درمیان معاہدہ ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ حکمران بتائیں کیا پانامہ لیکس اپوزیشن کی سازش ہے ۔یہ معاملہ سامنے آنے پر کئی ممالک میں حکمرانوںنے از خود استعفے دئیے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ قوم نئے پاکستان کیلئے پر امید ہے اور پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ اس کی بنیاد بنے گا۔

متعلقہ عنوان :