ملک کی مخلص قیادت پر ایسے الزامات لگائے جا رہے ہیں جن کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے ‘رانا تنویر حسین

عمران خان کی حرکتوں کی وجہ سے عنقریب پی ٹی آئی کا حشر بھی پی پی پی جیسا ہو گا ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا تقریب سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 16:30

لاہور /شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے عظیم لیڈ ر ہیں ،ملک کی مخلص قیادت پر ایسے الزامات لگائے جا رہے ہیں جن کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے ، مسلم لیگ ن نے کبھی بھی انتقام اور انتشار کی سیاست نہیں کی بلکہ سیاسی مخالفین کی ہٹ دھرمی ، بے جا الزامات اورذاتیات تک اترجانے کے باوجود صبر و تحمل کا دامن نہیں چھوڑا اور ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھا ،پاکستان کے عوام مسلم لیگ ن کی جے آئی ٹی ہیں سازشیوں کے کہنے پر وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دیں گے اور نہ ہی حکومت ختم ہو گی نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ملک کو خودمختاری اور معاشی خوشحالی کے راستے پر ڈال دیا ہے گزشتہ چار سالوں میں محنت کرکے کھربوں روپے مالیت کے میگا ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن کی شفافیت پر کو ئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا صرف بجلی کے منصوبوں پر ایک سو ستر ارب روپے کی بچت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور شریف میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعدبنگلہ سکھانوالی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور، چوہدری ارشد حبیب ، میاں عبدالروف امید وار پی پی 165،حکیم سلیم اللہ ، منیر شامی ، رانا بابر ،ملک ظہیر احمد ، نوید چوہان ، چوہدری شہباز احمد مرحبا والے سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں 2018کے انتخابات میں عوام کی جے آئی ٹی میں دوبارہ جا ئیں گے اور پانچ سالوں میں دھرنوں ، انتشار گالی گلوچ ، ذاتی بغض ، ملک دشمنی اور ملک کو اندھیروں میں لیکر جانیوالوںکا عوامی جے آئی ٹی احتساب کرے گی اور انشاء اللہ ہم دوبارہ بھرپور عوامی اعتماد سے ملکی تعمیر وترقی کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ کچھ عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور یہی قوتیں بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں ، ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے کی پاکستان کی سرحدیں پر امن ہوں ، سی پیک پایہ تکمیل کو پہنچے اور پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے ، نواز شریف نے ان قوتوں کے ایجنڈے کو تہس نہس کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا اور آج پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں شمار ہو رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ خود کو حرف آخر اور بڑا لیڈ ر کہنے والا عمران خان موجودہ دور میں ہونے والی تمام سازشوں کی بنیادی جڑ ہے، ارد گرد کرپٹ عناصر کو کھڑا کرکے تحریک انصاف کا بانی کہلوانے والاتحریک انتشار کا سربراہ بن چکا ہے ،میرا اسے چیلنج ہے کہ نواز شریف تو ایک بڑا لیڈر ہے عمران خان میرے مقابلے میں این اے 132شیخوپورہ سے الیکشن لڑ لے میں اسکی ضمانت ضبط نہ کرادوں تو سیاست چھوڑ دونگا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اصلیت آصف زرداری کے اس بیان سے سامنے آ جاتی ہے کہ پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سب گندے انڈے ہیں ،تو اس کی کیا اہمیت رہ جا تی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی کرتوں کی وجہ جس طرح پیپلز پارٹی ایک چلا ہوا کارتوس بن کر عوام میں اپنی حمایت کھو چکی ہے اسی طرح عمران خان کی حرکتوں کی وجہ سے عنقریب پی ٹی آئی کا حشر بھی پی پی پی جیسا ہو گا ۔