ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے،سید یوسف رضاگیلانی

میں یہ نہیں چاہتا کہ میری طرح وزیر اعظم کو ہٹایا جائے لیکن میاں صاحب پر سنگین الزامات ہیں،وزیر اعظم کے استعفے پر پارٹی پالیسی سے متفق ہوں، سابق وزیراعظم

اتوار 16 جولائی 2017 16:40

ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے،سید یوسف رضاگیلانی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماسید یوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ میں یہ نہیں چاہتا کہ میری طرح وزیر اعظم کو ہٹایا جائے لیکن میاں صاحب پر سنگین الزامات ہیں،وزیر اعظم کے استعفے پر پارٹی پالیسی سے متفق ہوں۔

اتوارکوکراچی کے علاقے چنیسرگوٹھ میں پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کی رہائش گاہ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پیپلزپارٹی سب سے زیادہ متحرک ہے ہم نے عدلیہ کا احترام کیا۔انہوں نے کہاکہ اداروں کی بقا کا خیال کرنا چاہئے میں نے اپنے کیس میں اپیل کی نہ لڑائی کی اگر اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدلیہ سے امید ہے وہ بروقت فیصلے کرے گی تاکہ اداروں میں تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہو ۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ میرا کرپشن کا کیس نہیں تھا۔ ہمارے اوپر آئین کی پاسداری لازمی ہے ۔میں یہ نہیں کہتا کہ جو میرے ساتھ ہوا وہ سب کے ساتھ ہو لیکن عدلیہ کا فیصلہ بھی ماننا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے ابتدائی فیصلے پر دونوں فریقین نے مٹھایاں بانٹی تھی ۔

فیصلے ہمیشہ کسی کے حق اور کسی کے خلاف آتے ہیں۔۔تصادم کی صورتحال پیدا کرنے کے بجائے عدالتوں کے فیصلے تسلیم کرنے چاہئیں ۔ہم نے بھی عدالتوں اور اداروں سے تصادم کے بجائے فیصلے تسلیم کئے تھے ۔اداروں سے تصادم کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔سابق وزیر اعظم نے سعید غنی کو ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد بھی دی ۔اس موقع پر سعید غنی نے کہاکہ پی ایس 114کے انتخاب میں مجھ پر جو ایم کیوایم کی جانب سے دھاندلی کا الزام لگایا گیا ہے وہ غلط ہے، ضمنی انتخاب میں پتنگ ، بلے اور شیر سمیت سب کو آئوٹ کیا آئندہ الیکشن میں کراچی کا منڈیٹ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا

متعلقہ عنوان :