بلدیہ غربی میں رین ایمرجنسی کو بدستور جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ تمام تر ہلکی و بھاری مشینری کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

اتوار 16 جولائی 2017 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء)متوقع برسات کے باعث بلدیہ غربی میں رین ایمرجنسی کو بدستور جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ تمام تر ہلکی و بھاری مشینری کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فرید نے میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ چاروں زونوں کے بلدیاتی افسران کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چاروں زونوں میں موجود رین ایمرجنسی سینٹرز بمعہ ضروری سازوسامان افسران کی نگرانی میں فعال کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ہلکی و بھاری مشینری اورگاڑیوں کی درست حالت میں موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام ندی نالوں کی صفائی کا کام برق رفتاری سے مکمل کیا جائے ندی نالوں پر موجود تجاوزات کا فوری خاتمہ ممکن بنا کر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کیلئے تیار کیا جائے تاکہ دوران برسات کسی بھی ناخوشگوار واقع کا سامنا نہ کرنا پڑے ایڈمنسٹریٹر نے رین ایمرجنسی کے دوران تمام تر موجود وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لاکر بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو بروقت اور بہترین سہولیات کی فراہمی کا عمل یقینی بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ رین ایمرجنسی ڈیوٹی کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس عمل میں مرتکب افسران و عملے کے خلاف سخت دفتری کاروائی عمل میں لائی جائے گی اجلاس میں موجود بلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر ومیونسپل کمشنرکو رین ایمرجنسی کے حوالے سے کیئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ چاروں زونوں میں رین ایمرجنسی سینٹرز بمعہ ضروری سازومان افسران کی نگرانی میں فعا ل ہیں جبکہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام ندی نالوں کی صفائی کا کام برق رفتاری سے جاری ہے ندی نالوں پر موجود تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بھی بھرپور کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔