ڈاکٹرعاصم کی ہمشیرہ کے گھرکوئی چھاپہ نہیں مارا، ترجمان نیب

ڈاکٹر عاصم حسین کا نیب پر الزام ان پر چلنے والے مقدمات میں دبائو ڈالنے کی کوشش ہے،نیب ترجمان

پیر 17 جولائی 2017 13:36

ڈاکٹرعاصم کی ہمشیرہ کے گھرکوئی چھاپہ نہیں مارا، ترجمان نیب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) : قومی احتساب بیورو(نیب)کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی ہمشیرہ کے گھر چھاپے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں، کراچی میں ان کی ہمشیرہ کے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین کی ہمشیرہ کے گھر چھاپے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے نہ ہی کوئی ایساچھاپہ مارا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم 462ارب روپے کی کرپشن کیسوں کے مبینہ ملزم ہیں اور ڈاکٹرعاصم کیخلاف کرپشن ریفرنس عدالت میں زیرسماعت ہیں۔ نیب کا ادارہ قانون کے مطابق کام کرتا ہے، افسران کو بھی قانون پر سختی سے عملدر آمد کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کا نیب پر الزام ان پر چلنے والے مقدمات میں دبائو ڈالنے کی کوشش ہے، نیب قانون اور قواعد کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین نے گزشتہ روز ٹیپو سلطان تھانے میں اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی بہن کے گھر پر سادہ لباس اہلکاروں نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں چھاپا مارا اور پورے گھر کی تلاشی لی، جس کے بعد ٹیپو سلطان پولیس نے ڈاکٹر عاصم کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔

متعلقہ عنوان :