جے آئی ٹی دستاویزات خود ساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں‘

رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ،مریم اورنگزیب

پیر 17 جولائی 2017 16:26

جے آئی ٹی دستاویزات خود ساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہیجے آئی ٹی کی دستاویزات خود ساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں‘ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے‘ شریف خاندان کی طرف سے پیش کردہ تمام دستاویزات تصدیق شدہ ہیں‘ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا والیم 10 سپریم کورٹ سے بھی چھپایا جارہا ہے ‘ کس قانون کے تحت اب تک جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے‘ جس دن رپورٹ کا والیم 10 سامنے آئے گا تو سب معلوم ہوجائے گا کہ جے آئی ٹی میں ہوا کیا ہے‘ سپریم کورٹ پر اپنے گندے کپڑے ٹانگنے والے آج اس کے تحفظ کی بات کررہے ہیں‘ محمد نواز شریف سپریم کورٹ سے بھی سرخرو ہونگے‘ جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے تحفظات برقرار ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم ااورنگزیب نے کہا جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے‘ جے آئی ٹی کی سفارشات سپریم کورٹ پر لاگو نہیں ہوتیں‘ سپریم کورٹ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی‘ وہ دستاویزات جو تصدیق شدہ نہیں ہیں ان کی توثیق کون کرے گا۔

(جاری ہے)

شریف خاندان کی طرف سے پیش کئے گئے تمام کاغذات تصدیق شدہ ہیں انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا والیم 10 چھپایا جارہا ہے۔

جے آئی ٹی کے والیم 10 کو بھی منظر عام پر لانے کی درخواست کی ہے۔ جے آئی ٹی وزیراعظم کے تین ‘ شہباز شریف کے دو ادوار میں کرپشن کا الزام نہ لگا سکی۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا جے آئی ٹی کے اختیارات کے تجاوز کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے۔ پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد اپنے مقصد میںکبھی کامیاب نہیں ہوسکتے وہ وقت دور نہیں جب ملک دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوگا۔

جے آئی ٹی کی دستاویزات خود ساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں کس قانون کے تحت جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ جے آئی ٹی پر آج بھی اپنے تحفظات برقرار ہیں۔ جے آئی ٹی کی طرف سے استعمال کی گئی زبان سے ثابت ہوتا ہے کہ رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مخالفین اور کرپٹ ٹولے کی سازشیں پوری قوم نے دیکھیں۔ سازسی ٹولہ آج تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم پر الزام لگا رہا ہے۔

سپریم کورٹ پر گندے کپڑے ٹانگنے والے آج اس کے تحفظ کی بات کرتے ہیں۔ اس وزیراعظم پر سوال اٹھا رہے ہیں جس نے تین نسلوں کا حساب دیا۔ احتساب کی بات کرنے والے اپنے احتساب اداروںکو ہی بند کردیتے ہیں۔ تین عدالتوں سے مفرور آئین اور قانون کی پاسداری کی بات کرتا ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ جے آئی ٹی کی دستاویزات تصدیق شدہ ہیں جواب نفی میں ملا۔ محمد نواز شریف ملک کی اعلیٰ عدلیہ سے بھی سرخرو ہونگے۔ مریم اورنگزیب نے کہا جس دن والیم 10سامنے آئے گا تو سب معلوم ہوجائے گا کہ جے آئی ٹی میں کیا ہوا۔ تصویر لیک کرنے والے کے معاملے پر سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے کاروبار کے ساتھ کرپشن کا کوئی کیس نہیںجوڑاجاسکا۔ رپورٹ کا والیم 10 سپریم کورٹ سے بھی چھپایاجارہا ہے۔