امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

پیر 17 جولائی 2017 16:41

امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیٹے کی روس کی ایک وکیل کے ساتھ ملاقات کی خبریں دینے والے رپورٹرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ملکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہیلری کلنٹن کو صدارتی انتخابی مہم کے دوران ہونے والی بحث کے سوال غیر قانونی طور پر پہنچائے جاسکتے ہیں اور وہ 33 ہزار ای میلز ڈیلیٹ کرسکتی ہیں لیکن میڈیا برستا میرے بیٹے ڈان پر ہے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ امریکی میڈیا اپنے تمام نامعلوم ذرائع اور متعصب اور فراڈ رپورٹنگ کے ذریعے ہمارے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔وائٹ ہائوس کے نامہ نگاروں کی انجمن نے امریکی صدر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار پریس جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔