ویمن ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

پیر 17 جولائی 2017 17:01

ویمن ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) ویمن ورلڈ کپ 2017 میں ناقص ترین کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اداس چہروں کے ساتھ نجی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئی،وطن واپس آنے والی کھلاڑیوں میں بسمہ معروف، ڈینا بیگ، مارینہ اقبال، ناہیدہ بی بی، اسماویہ سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز بھی لاہور ایئر پورٹ پہنچے تاہم کپتان ثناء میر نجی مصروفیات کی بناء پر واپس نہیں آسکیں،لاہور ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا جبکہ کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے شائقین بھی ایئرپورٹ پر موجود نہ تھے،پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان ناخوش ہیں جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچز میں ناکامی پر انہوں نے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان ویمن کرکٹ ٹیم میں جلد تبدیلیوں کے حق میں ہیں جبکہ ٹیم کی کپتان ثنا ء میر بھی جلد اپنی ریٹائر منٹ کا اعلان کریں گی،ٹیم نے ورلڈ کپ میں سات میچز ہارے، ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا سفر انتہائی مایوس کن رہا، پورے ایونٹ میں ایک بھی فتح اس کے ہاتھ نہیں آئی تاہم کچھ کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر اچھا کھیل پیش کرنے کا صلہ رینکنگ میں مل گیا، ان میں کپتان ثنا ء میر سرفہرست ہیں، انھوں نے بیٹنگ رینکنگ میں ایک ساتھ 18 درجے ترقی پاتے ہوئے 37 ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے، اسی طرح ناہیدہ خان کو بھی 16 درجے ترقی نے 45 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے، بیٹنگ میں ٹاپ 20 پوزیشنز پر کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی نہیں ہے، بائولنگ چارٹ پر ثناء میر 12 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ اسپنئر نشرح سندھو نے بڑی چھلانگ لگائی، 13 درجے ترقی نے انھیں 61 ویں پوزیشن کا حقدار بنادیا ہے،ادھر آسٹریلیا کی الیسی پیری نے تین درجے ترقی پاکر بیٹنگ میں کیریئر بیسٹ تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، انھوں نے ویمنز ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 366 رنز بنانے کے ساتھ 9 وکٹیں بھی لی ہیں، اس لیے وہ دنیا کی بہترین خاتون آل راؤنڈر بھی بن چکی ہیں، انھوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈین کپتان اسٹیفنی ٹیلر سے حاصل کیا ہے، وہ تیسری مرتبہ نمبر ون آل راؤنڈر بنی ہیں،دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے 8 ٹیموں کے ایونٹ کے گروپ مرحلے میں دوسری پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنلز میں قدم رکھے، اس کی نکول بولٹن 8 درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ 11 ویں بیٹنگ پوزیشن حاصل کرچکی ہیں، بھارت کی میتھالی راج بیٹنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکی جبکہ ان کا ٹاپ پر موجود میگ لیننگ سے صرف 5 پوائنٹس کا فاصلہ باقی رہ گیا ہے، پونم راوٹ 12 درجے ترقی سے 19 ویں اور سمرتی مندھانا 8 درجے ترقی پاکر 29 ویں بیٹنگ پوزیشن سنبھال چکی ہیں،علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کی کپتان ڈین وان نیکریک 15 وکٹیں حاصل کرکے 14 درجے کی چھلانگ لگا کر بائولرز میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، شبنم اسماعیل نے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی ہے، ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا ٹاپ پر موجود ہیں، ٹاپ 5 میں شامل باقی ٹیموں میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں، پاکستان ٹیم ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :