Live Updates

تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 24 جولائی 2017 13:00

تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جولائی۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔سپریم کورٹ میں 700 سے زائد صفحات پر مشتمل جواب میں تحریک انصاف نے حنیف عباسی کے ممنوعہ و غیرملکی فنڈنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔ تحریک انصاف نے اپنے جواب میں کہا کہ اس کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے اور پارٹی کے اکاﺅنٹس کا آڈٹ ماضی کا حصہ بن چکا ہے، تمام تفصیلات عدالت کو فراہم کر دی ہیں، شفافیت کے لئے بیرون ملک فنڈ ریزنگ کی گئی۔

تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی بیرون ملک فنڈ ریزنگ کی ہے لیکن تفصیلات فراہم نہیں کیں، یہ الزام لگا کر پاکستان کی اقلیتی برادری کے منہ پر طمانچہ مارا گیا کہ پی ٹی آئی نے غیرمسلموں سے ممنوعہ اور غیرملکی فنڈنگ لی، درحقیقت تحریک انصاف نے دوہری شہریت رکھنے والوں سے فنڈز اکٹھے کیے، پی ٹی آئی کی فارن ایجنٹ کمپنی کو ذرائع سے ملنے والے فنڈ ممنوعہ یا غیرملکی نہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ حنیف عباسی کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں اور انہوں نے اپنے الزامات ثابت کرنے کے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیئے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے درخواست کی سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے وکیل سید علی بخاری پیش ہوئے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ضابطہ اخلاق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے ،اس لئے معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہونے کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کے دلائل کے بعد سماعت 20 ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔
پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات