سندھ اسمبلی میں وزیراعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے کی قراردادیں منظور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 25 جولائی 2017 15:38

سندھ اسمبلی میں وزیراعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے کی قراردادیں منظور
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 جولائی۔2017ء) سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف سے فوری مستعفی ہونے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظورکرلی ہے۔ڈپٹی اسپیکرشہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک انصاف کے خرم شیرزمان اورپیپلز پارٹی کی خیر النسا مغل نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کی الگ الگ قراردادیں پیش کیں، ان قراردادوں میں کہا گیا تھا کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی لیکن جے آئی ٹی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکومت کے ہر دباﺅ کو رد کردیا، نواز شریف عہدے کا اخلاقی جوازکھو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کےخلاف جھوٹے کیس بنائے گئے، سیف الرحمان اورچوہدری شجاعت نے تسلیم کیا کہ وہ غلط کیس تھے، شریف خاندان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ قہر خداوندی ہے، وزیر اعظم کا عہدہ وقار اور ایمانداری کا متقاضی ہے، وزیراعظم نوازشریف پر سنگین الزامات ہیں، یوسف رضا گیلانی نے بھی وزارت عظمی کے عہدے کو قربان کردیا تھا، نواز شریف کی عہدے پر موجودگی ہر لمحہ پاکستان کے وقار کو کم کررہی ہے، ملک بحران میں گھرا ہے لیکن حکومت کہیں نظر نہیں آرہی، ملک میں جب بھی بحران آیا وفاقی وزیر داخلہ کی کمر میں درد ہوجاتا ہے، حکومت کی توجہ صرف جے آئی ٹی اور پاناما کی طرف ہے۔