قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کچھ دیر معطل رہا

منگل 12 ستمبر 2017 12:02

قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کچھ دیر معطل رہا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کچھ دیر معطل رہا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نجی کارروائی جاری تھی تاہم حکومتی ارکان کی کمی کی وجہ سے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایوان میں حکومتی ارکان کی تعداد انتہائی کم ہے ایسی صورتحال میں ہم کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔

ہم کورم پوائنٹ آئوٹ نہیں کرنا چاہتے تاہم آپ خود ہی اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا جائے۔ جس پر سپیکر نے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کی طرف سے بل پیش کرائے ہیں جن کا حکومت کی طرف سے جواب موصول نہ ہونے کے باوجود وہ بل کمیٹی کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اس طرح کی قانون سازی بھی نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

کمیٹیاں بھی اپنا کام نہیں کر رہیں۔

سپیکر نے کہا کہ کمیٹیاں اپنا کام کر رہی ہیں۔ 95 فیصد یہاں سے بھجوائے جانے والے بلوں پر کام ہوا ہے۔ کل میں اس کی تفصیلات ایوان میں پیش کردوں گا۔ ایم کیو ایم کی طرف سے رشید گوڈیل نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ کو ’’ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دوں گا‘‘ کہنے سے پہلے ہماری مرضی بھی معلوم ہونی چاہیے‘ ہمارے اہم بل ہیں۔اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ جب تک کورم پورا نہیں ہوتا اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنی چاہیے۔ سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے چونکہ کورم کی نشاندہی کردی گئی ہے اس لئے ایوان میں گنتی کی جائے۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی بناء پر سپیکر نے کورم پورا ہونے تک قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی معطل کردی۔

متعلقہ عنوان :