و زارتِ دفاع پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا ،سعودی حکام

خود کش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث دو یمنی افراد اور دو سعودی شہریوں کو حراست میں لیا ہے ،حکام

منگل 12 ستمبر 2017 12:32

و زارتِ دفاع پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا ،سعودی حکام
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 ستمبر2017ء) سعودی عرب میں حکام نے کہاہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹرز پر مبینہ خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا ہے۔منگل کو غیر ملکی خبر ر ساں ادار ے کے مطابق سکیورٹی حکام نے کہاکہ دہشتگرد دارالحکومت ریاض میں وزارتِ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔

حکام کے مطابق خود کش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث دو یمنی افراد اور دو سعودی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم یہ دونوں یمنی شہری مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے رکن ہیں۔حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں وزارتِ دفاع کی دو عمارتوں پر خودکش جیکٹوں کی مدد سے دو حملوں کے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گرفتار کیے گئے افراد سے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب کی کمان میں یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ جاری ہے۔حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے دونوں یمنی شہری ملک میں جعلی ناموں کے ساتھ مقیم تھے۔اس حوالے سے دو سعودی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد کسی دوسرے ملک کے ایما پر سعودی عرب میں خود کش حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔یاد رہے کہ ماضی میں دولتِ اسلامیہ نے سعودی عرب میں بم حملے کیے ہیں جن میں سکیورٹی حکام اور شیعہ اقلیت کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔دولتِ اسلامیہ نے کئی مرتبہ سعودی حکومت کے مغربی ممالک سے تعلقات پر تنقید کی ہے۔

متعلقہ عنوان :