اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر قومی اسمبلی کا قومی اسمبلی میں وزرا اور حکومتی اراکین کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار

اگر وزرا اجلاس میں نہیں آتے تو حکومت کے خلاف ووٹنگ کی جائیگی ،ْسپیکر قومی اسمبلی کی وارننگ ایوان میں اس وقت حکومت کے ڈیڑھ وزیر بیٹھے ہیں، کیا مذاق ہے ، اس طریقے سے اسمبلی نہیں چلنے دیں گے ،ْخورشید شاہ

منگل 12 ستمبر 2017 13:57

اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر قومی اسمبلی کا قومی اسمبلی میں وزرا اور حکومتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں وزرا اور حکومتی اراکین کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر وزرا اجلاس میں نہیں آتے تو حکومت کے خلاف ووٹنگ کی جائیگی۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی ،ْگنتی کے بعد کورم پورا نہ ہوا جس پر اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر نے وفاقی وزرا اور حکومتی ارکان کی جانب سے مسلسل غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

نکتہ اعتراض پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہاکہ ہم قومی اسمبلی اجلاس کیلئے آتے ہیں کیا ہمیں کام نہیں ،ْ ہم بھی اپنے علاقوں میں دورے کرتے ہیں اور ایوان میں بھی آتے ہیں ،ْایوان میں اس وقت حکومت کے ڈیڑھ وزیر بیٹھے ہیں، کیا مذاق ہے ، اس طریقے سے اسمبلی نہیں چلنے دیں گے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزرا کی برہمی پر ا سپیکر قومی اسمبلی نے اطلاعات، کیڈ اور پارلیمانی امور کے وزرا کو پندرہ منٹ کے اندر طلب کیا تاہم کوئی بھی وزرا ایوان میں نہ آئے جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے وزرا کی مرضی سے نہیں اپنی مرضی سے ایوان چلانا ہے ،ْ اگر وزرا نہ آئے تو ارکان کے پیش کیے گئے بل منظور کر لیے جائیں گے، اور حکومت کے خلاف ووٹنگ کی جائیگی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ہم کورم پوائنٹ آئوٹ نہیں کرنا چاہتے تاہم اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا جائے جس پر سپیکر نے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کی طرف سے بل پیش کرائے ہیں جن کا حکومت کی طرف سے جواب موصول نہ ہونے کے باوجود وہ بل کمیٹی کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اس طرح کی قانون سازی بھی نہیں چاہتے۔ کمیٹیاں بھی اپنا کام نہیں کر رہیں۔

سپیکر نے کہا کہ کمیٹیاں اپنا کام کر رہی ہیں۔ 95 فیصد یہاں سے بھجوائے جانے والے بلوں پر کام ہوا ہے۔ کل میں اس کی تفصیلات ایوان میں پیش کردوں گا۔ ایم کیو ایم کی طرف سے رشید گوڈیل نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ کو ’’ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دوں گا‘‘ کہنے سے پہلے ہماری مرضی بھی معلوم ہونی چاہیے‘ ہمارے اہم بل ہیں۔اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ جب تک کورم پورا نہیں ہوتا اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنی چاہیے۔ سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے چونکہ کورم کی نشاندہی کردی گئی ہے اس لئے ایوان میں گنتی کی جائے۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی بناء پر سپیکر نے کورم پورا ہونے تک قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی معطل کردی۔