شائقین کو صرف لاہور میں میچز ہونے پر ناراض نہیں ہونا چاہیے ،پاکستان میں عالمی کرکٹ آرہی ہے‘ رمیض راجہ

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نئے اور تجربے کار کرکٹرزہونے چاہئیں،مڈل آرڈر میں اچھے بیٹسمین ہوں جو ٹیم کو لے کر چلیں

منگل 12 ستمبر 2017 16:44

شائقین کو صرف لاہور میں میچز ہونے پر ناراض نہیں ہونا چاہیے ،پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیض راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والی سیریز تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور اب کراچی سے خیبر تک صرف کرکٹ کی بات ہوگی،ورلڈ الیون کے میچز صرف لاہور میں ہونے پر شائقین کو ناراض ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ بحیثیت قوم ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ آرہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رمیض راجہ نے کہا کہ اگر تمام میچز کراچی میں ہوتے تو لاہور کے لوگ ناراض ہوتے البتہ میرے خیال میں پی سی بی کا ہیڈکوارٹر لاہور میں ہے اور یہاں کی گورننس بھی بہتر ہے، شاید اس لئے لاہور کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ صرف لاہور نہیں پاکستان میں آرہی ہے اور انہیںلگتا ہے کہ مستقبل میں کراچی کے علاوہ ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد کے میدان بھی بین الاقومی کرکٹ کی میزبانی کے حصے دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

رمیض راجہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ کے مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی منعقد ہوں گے۔ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم کی سلیکشن پر بات کرتے ہوئے رمیض راجہ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نئے اور تجربے کار کرکٹرزہونے چاہئیںتاہم وہ محسوس کررہے ہیں کہ ورلڈ الیون کے خلاف منتخب سرفراز الیون کی بیٹنگ لائن پر سوالات اٹھ رہے ہیں جس پر انہیں بھی تشویش ہے۔وہ سمجھتے ہیں قومی ٹیم کے مڈل آرڈر میں اچھے بیٹسمین ہونے چاہئیںجو ٹیم کو لے کر چلیں۔

متعلقہ عنوان :