کوہاٹ ، موٹر سائیکل چور گروہ کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت گرفتار

منگل 12 ستمبر 2017 19:25

کوہاٹ ، موٹر سائیکل چور گروہ کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت گرفتار
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2017ء) کوہاٹ میں موٹر سائیکل چور گروہ کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ ملزمان نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ اوتھانہ سٹی فیاض خان نے مخبر کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے پولیس نفری کے ہمراہ شہر کے علاقہ محلہ سکندر خان شہید میں چھاپہ مارکر گھر کے سامنے سے موٹر سائیکل چور ی کرتے ہوئے عدنان ساکن سٹی کورنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔

پولیس نے مسروقہ موٹر سائیکل سمیت ملزم کوگرفتارکرکے اس کے نشاندہی پر پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ نصرت خیل میں واقع گھر پر چھاپہ مارکر چوری کی ایک اور موٹر سائیکل برآمد کرکے موٹرسائیکل چورگروہ کا سرغنہ شاہ فیصل کوگرفتارکرکے اسکے قبضے سے ایک کلاشنکوف،ایک پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے ۔

(جاری ہے)

زیر حراست ملزمان سے چوری کی متعدد وارداتوں کے راز اگلوادئیے ۔پولیس کے مطابق بائیک لفٹر گروہ کا سرغنہ شاہ فیصل قبل ازیں بھی موٹر سائیکل چوری کے جرم میںمسروقہ موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار ہوکر جیل کی سزا کاٹ چکا ہے۔ پولیس ذرائع کے بقول گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے باڈی پارٹس اور پرزے تبدیل کرنے کے بعد مسروقہ موٹر سائیکلیں فروخت کیلئے علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی یا دیگر شہروں کو منتقل کرتے جہاں مذکورہ موٹر سائیکلیں اونے پونے داموں فروخت کئے جاتے تھے اور اسطرح ملزمان موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے سماجی و اخلاقی برائی کے اس دھندے کے ذریعے ناجائز کمائی میں مصروف عمل تھے۔

پولیس نے زیر حراست دونوں ملزمان کو بعد ازاں مقامی عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

متعلقہ عنوان :