کراچی ، حصول علم کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد بھی ضروری ہے،میئر کراچی وسیم اختر

منگل 12 ستمبر 2017 23:02

کراچی ، حصول علم کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حصول علم کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد بھی ضروری ہے، جامعہ کراچی سے پڑھے لکھے لوگ ہی نکل رہے ہیں اگر کوئی دہشت گرد سرگرمی میں ملوث ہو تو یہ تاثر غلط ہے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقد کئے جانے چاہئیں، یہ بات انہوں نے جامعہ کراچی میںآل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام منعقدہ کراچی یونیورسٹی سالانہ میلے میں شرکت کے موقع پر طالبعلموں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہر میں پھیلی گندگی کو ختم کرکے اسے صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا ہے، تمام شہری خاص طور پر طالبعلم اس حوالے سے یہ عہد کریں کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں ، گھروں اور دفاتر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں گے اور کچرا صرف مقررہ مقامات پر ہی پھینکیں گے ، ہم سب مل کر ہی اپنے شہر کو ٹھیک کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں ، جمہوریت میں اپنی بات کرنے کا سب کو حق حاصل ہوتا ہے، طلبا یونین، طالب علموں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف لے کر جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے شائقین جتنے کراچی میں ہیں کہیں اور نہیں، میں خود کرکٹ اور دیگر اسپورٹس میں دلچسپی رکھتا ہوں مگر تمام وقت اپنے کام میں لگ جاتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کا کچرا اتنا زیادہ ہے کہ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کراچی شہر کو صاف کرنے میں لگا رہتاہوں، کراچی میں بے تحاشہ مسائل ہیں جنہیں ہم سب کو مل جل کر حل کرنا ہے، قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر کی جامعہ کراچی آمد پر طالب علموں نے پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا اور طلبا میلے میں شرکت پر انہیں خوش آمدید کہا، میئر کراچی نے جامعہ کراچی میں سالانہ میلے کے موقع پر منعقد ہونے والے مختلف ایونٹس کے متعلق معلومات حاصل کیں اور انہیں طلبا میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اہمیت کا حامل قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں سے طالب علموں کو غلط سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے روکا جاسکتا ہے اور ان کی درست رہنمائی کرکے ان کے روشن مستقبل کے لئے راہ ہموار کی جاسکتی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کراچی میں سالانہ میلہ اسی طرح بھرپور انداز میں منعقد کیا جاتا رہے گا اور جامعہ کے تمام طلبا و طالبات کے لئے اس سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :