وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے طبی خدمات کی بین الاقوامی کمپنی نووارٹس کے تعاون سے صوبے کے غریب عوام کو چار غیر وبائی مہلک امراض کا مفت علاج فراہم کرنے کے مجوزہ پروگرام کی اصولی منظوری دے دی

منگل 12 ستمبر 2017 23:21

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے طبی خدمات کی بین الاقوامی کمپنی نووارٹس ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے طبی خدمات کی بین الاقوامی کمپنی نووارٹس کے تعاون سے صوبے کے غریب عوام کو چار غیر وبائی مہلک امراض کا مفت علاج فراہم کرنے کے مجوزہ پروگرام کی اصولی منظوری دی ہے اور پروگرام کے اجراء کیلئے کمپنی سے فوری معاہدہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ اس پروگرام کی کامیابی کی صورت میں مزید خطرناک غیر وبائی امراض کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںنووارٹس کے ساتھ شراکت کے تحت مذکورہ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سنیئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی، سیکرٹری صحت عابد مجید، سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو محکمہ صحت کے نووارٹس پروگرام کے تحت صوبے میں چار غیر وبائی خطرناک امراض کے مفت علاج کی فراہمی کے مجوزہ پروگرام پر بریفنگ دی گئی ۔

ان امراض میں بریسٹ کینسر، امراض قلب،ذیابیطس اور ہائیپرٹنشن شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نووارٹس کے تعاون سے کینسر کے فری علاج کا پروگرام شفافیت اور کامیابی سے چل رہا ہینووارٹس نے اب مجوزہ چار غیر وبائی امراض کے مفت علاج کی فراہمی کے لئے بھی پیش کش کی ہییہ پروگرام خالصتاً کم آمدنی والے لوگوں کیلئے شروع کیا جارہاہے جو عموما مہنگی بیماریوں کا علاج کرانے کے قابل نہیں ہوتے۔

نووارٹس دوائی مفت فراہم کرے گی البتہ صرف خدمات کی فراہمی کے عوض فی خوراک سو روپے وصول کئے جائیں گے۔ سیکرٹری صحت نینووارٹس کی پیش کش کو قابل عمل دیکھتے ہوئے صوبے میں اس پروگرام کے اجراء کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے کی تقریباً بیس لاکھ مستحق آبادی کومجوزہ چار بیماریوں کے علاج کی مفت سہولت میسر ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور مجوزہ پروگرام کوانتہائی اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے بعد غیر وبائی مگر مہلک امراض کے مفت علاج کے لئے حکومت کا یہ دوسرا اہم اقدام ہوگا جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس پروگرام میںدوسری بیماریوںکا مفت علاج بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر غریب عوام کی آسانی کے لئے یہ سہولت ہر ڈویژن کی سطح پر فراہم کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے تحت غریب عوام کی زندگی کو آسان بنانے اور انہیں صحت و تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے تندہی سے اقدامات کر رہی ہے غریب عوام شروع دن سے حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں۔

انہوں نے صحت انصاف کارڈ سکیم کے توسیعی پلان کے مطابق مزید دس لاکھ کارڈز کی تقسیم ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :