تعلیم کے شعور سے انتہا پسندی اور تشدد کا خاتمہ اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دیاجاسکتا ہے،

وزیراعلیٰ پنجاب محنت اور قابلیت کے ذریعے پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیاہے ، ہونہار بچے ہمارے ہیرو ہیں، مبارک باد پیغام

منگل 12 ستمبر 2017 23:26

تعلیم کے شعور سے انتہا پسندی اور تشدد کا خاتمہ اور تحمل و برداشت کے ..
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 ستمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ محنت اور قابلیت کے ذریعے پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیاہے اور یہ ہونہار بچے ہمارے ہیرو ہیں، جنہوں نے اپنی صلاحیتوں ،قابلیت اورذہانت کے بل بوتے پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں اور ان بچوں اوربچیوں کی محنت گواہی دے رہی ہے کہ اگر محنت سے کام کیا جائے تو کوئی مشکل، مشکل نہیں رہتی اور میرا ایمان ہے کہ محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوزیشن حاصل کر نیوالے طلبا و طالبات درخشاں ستارے ہیں، پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور بلاشبہ قوم کے اس تابناک مستقبل نے اپنی انتھک محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے اور بعض طلبا و طالبات نے کم وسائل کے باوجود اپنے عزم، حوصلے اور محنت کے باعث یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ گھرانوں کے بچوں اور بچیوں کا مشکل حالات میں پوزیشنیں حاصل کرنا لائق تحسین ہے، بلاشبہ ان بچوں اور بچیوں کو ان کے والدین نے پیٹ کاٹ کرتعلیم دلائی ہے اورانہوں نے بھی اپنے والدین کی لاج رکھی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعور سے انتہا پسندی اور تشدد کا خاتمہ اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دیاجاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین اور اساتذہ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ پوزیشنیں حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات اپنی تعلیمی کارکردگی میں مزید نکھار لائیں گے اور مزید کامیابیاں سمیٹیں گے ۔

متعلقہ عنوان :