ملیے کھلونوں سے بھی چھوٹے برتنوں میں کھانا پکا کر یوٹیوب سے کمائی کرنے والی عورت سے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 12 ستمبر 2017 23:52

ملیے کھلونوں سے بھی چھوٹے برتنوں میں کھانا پکا کر یوٹیوب سے کمائی کرنے ..

24سالہ کیٹ  مرڈوچ  اپنے Tiny Kitchen کی وجہ سے انٹرنیٹ پر کافی مقبول ہوگئی ہیں۔ اُن کے کچن کا نام ہی چھوٹا کچن نہیں بلکہ یہ حقیقت میں بھی عام کچن سے چھوٹا ہے۔کیٹ یہاں بہت چھوٹے چھوٹے برتنوں میں کھانا پکا کر اس کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کرتی ہے۔
کیٹ  اپنے کچن میں اتنے چھوٹے برتن استعمال کرتی ہے کہ انہیں چولہے پر نہیں رکھا جا سکتا۔ کیٹ ان برتنوں کو موم بتی پر رکھ کر کھانا پکاتی ہے۔

برتنوں کے چمچ سوئی کی  طرح ہوتےہیں۔چھوٹے برتنوں کی وجہ سے  سب سے زیادہ مشکل کام کھانے پکاتے ہوئے ویڈیو بنانا ہے۔اس وقت کیٹ کے یوٹیوب چینل InTheKitchenWithKateکے سبسکرائبر کی تعداد 99 ہزار سے زیادہ ہے اُن کی ویڈیوز کو 76لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ ووکنگ، سرے سے تعلق رکھنے والی کیٹ کی ویڈیو جاپان میں زیادہ پسند کی جاتی ہیں، کیونکہ جاپانی چھوٹی لیکن نفیس چیزوں کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


کیٹ کا کہنا ہے کہ اس کا خواب ڈانسر بننے کا تھا لیکن اسے کھانے پکانے خاص طور پر بیکنگ سے محبت ہے۔ اسی وجہ سے کھانا پکانے کے سارے شوز اس کے پسندیدہ ہیں۔کچھ سال پہلے کیٹ نے یوٹیوب پر کھانے پکانے کی ویڈیو سرچ کیں تو انہیں دیکھ کر کیٹ کو بھی یوٹیوب پر اپنا چینل بنانے کا خیال آیا۔ کیٹ نے اپنے بھائی ایلکس، جس کی عمر اب 28سال ہے ، کے ساتھ مل کر ایک چینل بنا لیا۔

شروع میں کیٹ عام سائز کا ہی کھانا پکا تے ہوئے اس کی ویڈیوز بناتی تھی۔ جلد ہی اس کا چینل مشہور ہوگیا۔اس کے بعد کھانے کی برطانوی کمپنی ٹیسٹ میڈ یو کے(Tastemade UK) نے بھی ان سے رابطہ کیا، جس کے بعد کیٹ اور ایلیکس نے ٹیسٹ میڈ کے لیے ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔
پچھلے سال ٹیسٹ میڈ کی امریکی سائٹ نے جاپان کے ایک شو سے متاثر ہوکر چھوٹے برتنوں میں کھانا پکانے کا خیال پیش کیا، جس پر برطانوی سائٹ نے  Tiny Kitchenکا آغاز کر دیا، جس کی ذمہ داریاں بھی کیٹ کو سونپ دی گئیں۔کیٹ نے ویڈیوز دیکھ دیکھ کر ہی چھوٹے برتنوںمیں کھانا پکانا سیکھا اور اب کامیابی سے چینل چلا کر اچھے خاصے پیسے کما رہی ہے۔