تعلیم ، صحت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سید مراد علی شاہ

نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے تحت بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کرسکیں، وزیراعلیٰ

بدھ 13 ستمبر 2017 20:00

تعلیم ، صحت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سید مراد علی شاہ
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے خصوصا تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں تاکہ اسکولوں کو بہتر طور پر چلایا جا سکے اور بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے تحت بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کرسکیں۔

وہ آج راشد آباد ٹنڈوالہیار میں سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے تربیت یافتہ اساتذہ بہت اہم ہیںکیونکہ اساتذہ ہی مستقبل کے معمار تیار کرتے ہیں جوکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف دو فیصد طبقے کی بہتر تعلیم تک رسائی سے ملک میں مجموعی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیںاسکے لئے تمام بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ سندھ حکومت تعلیم کی بہتری کیلئے درست سمت میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اساتذہ کا احترام کیا جاتا تھا اب وہ احترام کا رشتہ آھستہ آھستہ کم ہوتا جا رہا ہے جسکی وجہ استاد اور طالبعلموں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جسکے باعث آج ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی نوجوان دہشتگردوں کے چنگل میں آجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں کی جائینگی اور اس ضمن میں کوئی بھی سفارش قابل قبول نہیں ہے کیونکہ تعلیم پر کوئی بھی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اس موقع پرسرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ کو سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے قیام کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ قبل ازیں سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر طیب جان نے انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اس کے علاوہ سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ کے چیئرمین تسنیم نورانی اور سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول کے پرنسپل ائر کموڈور نیئر قیوم خواجہ نے بھی خطاب کیا اور اسکول کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اساتذہ کو تربیت فراہم کریں اور اس ضمن میںسرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کی خدمات بھی لی جائینگی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگلے سال آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کا میچ کراچی میں بھی منعقد کرایا جائیگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر ، صوبائی وزیر ورکس سروسز امداد علی پتافی، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو،چیئرمین تعلیمی بورڈ حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار رشید احمد زرداری، ایس ایس پی ٹنڈوالہیار شاہجہان خان پٹھان ودیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :