وزیراعلیٰ کا ٹریفک کی صورتحال کا سخت نوٹس ، لندن سے صوبائی انتظامیہ وٹریفک حکام کو ضروری ہدایات

عوام کی مشکل میری مشکل ہے، مجھے ٹریفک ہر قیمت پر چلتی نظر آنی چاہیئے،، میچوں کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، متبادل روٹس کی بھرپور تشہیر کی جائیموثر ٹریفک مینجمنٹ پلان وضع کرکے اس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، متعلقہ حکام خود فیلڈ میں رہیں متعلقہ حکام جان لیں! ٹریفک جام کے حوالے سے کوئی عذر نہیں سنوں گا ،شکایت ملی تو کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت

بدھ 13 ستمبر 2017 21:16

وزیراعلیٰ کا ٹریفک کی صورتحال کا سخت نوٹس ، لندن سے صوبائی انتظامیہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین ٹی ٹونٹی میچ میں شائقین کرکٹ کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا اور پاکستان کے عوام شاندار کھیل سے محظوظ ہوئے، شائقین کرکٹ نے پاکستان الیون کے ساتھ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جس سے میدان کی رونقیں دوبالا ہو گئیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیگر میچوں کیلئے بھی شاندار انتظامات کئے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں اور محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں تاکہ شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھیل سے پوری طرح لطف اٹھاسکیں۔

بروز بدھ وزیراعلیٰ نے لاہور کی بعض سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے لندن سے صوبائی انتظامیہ اور ٹریفک حکام کو ضروری ہدایات دیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین میچوں کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور متبادل روٹس کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ عوام کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان وضع کرکے اس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور متعلقہ حکام خود فیلڈ میں موجود رہیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی مشکل میری مشکل ہے۔ مجھے ٹریفک ہر قیمت پر چلتی نظر آنی چاہیئے۔ متعلقہ حکام جان لیں! ٹریفک جام کے حوالے سے کوئی عذر نہیں سنوں گا اور آئندہ ٹریفک جام ہونے کے بارے میں شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ہوگی۔