ورلڈ الیون پاکستان کے مزید 2 دورے کرے گی، نجم سیٹھی

پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، مناسب حالات اور آئی سی سی کی کاوشوں کی بدولت عالمی کرکٹرز پاکستان آ کر کھیلنے پر تیار ہوئے، چیئرمین پی سی بی

بدھ 13 ستمبر 2017 22:37

ورلڈ الیون پاکستان کے مزید 2 دورے کرے گی، نجم سیٹھی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان کے مزید 2 دورے کرے گی جس میں مزید بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی شامل ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، مناسب حالات اور آئی سی سی کی کاوشوں کی بدولت عالمی کرکٹرز پاکستان آ کر کھیلنے پر تیار ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا قدم پاکستان میں کم از کم ایک میچ کا انعقاد تھا جو پی ایس ایل فائنل کی صورت میں کامیابی سے ہوا، دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین نے مثبت رپورٹس دیں جس کے باعث ورلڈ الیون کے دورہ کا انعقاد ممکن ہوا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کے حالیہ دورہ کے بعد 2018 اور 2019 میں بھی عالمی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، حالات بتدریج بہتر ہونے کے ساتھ امید ہے کہ دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آ کر کھیلیں گی، سری لنکا ٹیم بھی نومبر میں ایک یا دو ٹی 20 میچز کھیلنے پاکستان آئے گی، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے بھی 3 میچز کی سیریز کیلیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی حامی بھری ہے۔۔