سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین اراکین پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز سے متعلق تربیت کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

پانچ سال میں دونوں فورمز صحت ‘تعلیم ‘انسانی ترقی سمیت ہر شعبے میں تحقیق اور تربیت کے لئے اپنے تمام ترصلاحتیں بروئے کار لائینگے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور ممبران کو تربیت دی جائے گی ‘ سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 14 ستمبر 2017 14:17

سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین اراکین پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین اراکین پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز سے متعلق تربیت کے لئے مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے ہیں‘ پانچ سال کی مدت میں دونوں فورمز صحت ‘تعلیم ‘انسانی ترقی سمیت ہر شعبے میں تحقیق اور تربیت کے لئے اپنے تمام ترصلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔

پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ کی جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ لیڈز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی توقیر شیخ نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب بھی ہمراہ تھیں ۔مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر نے کے بعد گفتگو کر تے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قائم پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان جو کہ گذشتہ 25سال سے اس شعبے میں خدمات سرانجام دے رہا ہے کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں ‘ پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کا باقاعدہ سیکرٹریٹ قائم ہے ‘چاروں صوبے اس حوالے سے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے تعاون کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور ممبران کو تربیت دی جائے گی ‘اراکین سینٹ بھی ایس ڈی جیز کے حوالے سے دلچسپی لے رہے ہیں ‘انھیں بھی مکمل سہولیات میسر ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کا سٹاف تربیت مکمل کرنے کے بعد ماسٹر ٹرینر کی حیثیت سے چاروں صوبوں کے ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کو تربیت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے قریب پہنچ گئی لیکن اس وقت بھی ہم نے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کا ایسا ڈھانچہ بنا دیا ہے کہ جو 2018کے عام انتخابات میں کامیاب ہوکر آنے والے اراکین کو بھی تحقیق اور قانون سازی کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کریگا ۔وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ایک اور اچھا اور خوشگوار دن ہے جس میں ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں ۔

لیڈز پاکستان تحقیق کے میدان میں تھینک ٹینک کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی واحد پارلیمنٹ ہے جس میں ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ قائم ہے ‘اور ہمارے وزیراعظم بھی واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے ایس ڈی جیز کی میپنگ کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں جس پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ میں تعلیم ‘صحت ‘پینے کے صاف پانی سمیت ہرزندگی کے ہر شعبے میں تحقیق ہورہی ہے ‘اس تحقیق سے اراکین پارلیمنٹ بھی مکمل استفادہ اٹھاتے ہوئے قانون سازی کے لئے ڈیٹا حاصل کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد ایس ڈی جیز کے بہت سے امور صوبوں کو منتقل ہوگئے تھے ‘ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ صوبائی ایس ڈی جیز ٹاسک فورسز کو راہنمائی اور مکمل تعاون فراہم کریگا۔لیڈز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی توقیر شیخ نے کہا کہ آج ایس ڈی جیز سیکریریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہونے سے ایک بنیاد رکھ دی گئی ہے ‘لیڈز پاکستان ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے ساتھ ملکر پانچ سالوں کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز کے لئے تربیت فراہم کریگا ۔

انہوں نے کہا کہ لیڈز پاکستان نے ایس ڈی جیزکی تربیت دینے کے لئے ڈھانچہ ہاوڑیونیورسٹی کے معیارمطابق تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جو ایم این ایز کی ایس ڈی جیز کے لئے تربیت کررہا ہے ‘تربیت کا یہ دائرہ کار صوبوں تک بھی بڑھایا جائے گا ۔