امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے آغاز سے عالمی برادری کا اعتماد بڑھے گا، مولانا امیر زمان

جمعرات 14 ستمبر 2017 14:48

امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ روہنگیا میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مسلم امہ خاموش کیوں ہے۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال گزشتہ پانچ سالوں کی نسبت بہت بہتر ہے، فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ لاہور میں آنے والے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں پر مظالم پر مظالم جاری ہیں جبکہ اس حوالے سے مسلم امہ خاموش ہے، اگر یورپی ممالک میں ایک کتا بھی مر جائے تو وہاں کے لوگ کھڑے ہو جاتے ہیں لیکن روہنگیا کے مسلمانوں کے قتل و غارت پر انسانی حقوق کے ادارے بھی تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود آج روہنگیا میں مسلمانوں کی مدد کے لئے موجود ہیں، وہ پاکستان سے ان کی مدد کے لئے ادویات، اشیائے خوردونوش وغیرہ ساتھ لے کر برما گئے ہوئے ہیں۔ مولانا امیر زمان نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کی نسبت آج ملک میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے جبکہ فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جنگ لڑ رہی ہے۔

لاہور میں کرکٹ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے آغاز سے عالمی برادری کا اعتماد بڑھے گا۔

متعلقہ عنوان :