وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا، 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی کچھی کینال سے ڈیرہ بگٹی کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں 72 ہزار ایکڑ بنجر لیکن قابل کاشت زمین سیراب ہوگی

جمعرات 14 ستمبر 2017 16:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی کچھی کینال سے ڈیرہ بگٹی کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں 72 ہزار ایکڑ بنجر لیکن قابل کاشت زمین سیراب ہوگی۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیراعظم کو کچھی کینال منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ احسن اقبال، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال، وزیر مملکت برائے آبی وسائل دوستین خان ڈومکی، وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء الله خان زہری، سینیٹر سردار یعقوب ناصر، رکن قومی اسمبلی خالد حسین مگسی، بلوچستان کے صوبائی وزراء اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کچھی کینال (فیز I) کی تکمیل واٹر انفراسٹرکچر اور زرعی آب پاشی کے شعبہ میں اہم سنگ میل ہے۔ کچھی کینال منصوبہ پر کام 15 سال قبل شروع ہوا تھا اور مجموعی لاگت و طویل تاخیر کی وجہ سے یہ منصوبہ تقریباً متروک ہو چکا تھا۔ وفاقی حکومت کی فعال سپورٹ اور واپڈا کے عزم کی بدولت اس منصوبے کو دوبارہ زندہ کیا گیا اور بالآخر 80 ارب روپے کی لاگت سی یہ منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔

تونسہ بیراج سے نکلنے والی 363 کلو میٹر طویل مرکزی نہر ڈیرہ بگٹی کی بنجر زمین کو سیراب کرے گی، اس نہر میں پانی کی گنجائش 6000 کیوسک ہے جبکہ منصوبے کے تحت 914 ڈھانچے تعمیر کئے گئے ہیں۔ کچھی کینال بلوچستان کے دیہی علاقوں میں زراعت پر مبنی معیشت کے فروغ کے لئے اقتصادی ترقی و سماجی بہتری کو یقینی بنانے کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ کچھی کینال پراجیکٹ کی تکمیل سے بلوچستان انڈس ریور سسٹم سے اپنے حصے کا پانی حاصل کرسکے گا جس کے نتیجے میں مقامی آبادی اپنی زمینیں کاشت کرنے اور اس کے اقتصادی ثمرات سے استفادہ کرنے کے قابل ہوگی۔