کابل میں پاکستان، امریکا اور افغانستان کا سہہ فریقی اجلاس ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اجلاس میں باہمی سیکورٹی دلچسپی اور تحفظات پر تبادلہ خیال-اجلاس میں معلومات کے تبادلے کے ذریعے خطے سے داعش کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 ستمبر 2017 16:34

کابل میں پاکستان، امریکا اور افغانستان کا سہہ فریقی اجلاس ‘ دہشت گردی ..
کابل (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 ستمبر۔2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان، امریکا اور افغانستان کا سہہ فریقی اجلاس منعقد ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری اعلامیہ کے مطابق کابل میں ہونے والے سہہ فریقی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایم او میجر جنرل صابر شہزاد مرزا کی قیادت میں پاک فوج کے 6 رکنی وفد نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ سہہ فریقی اجلاس میں دہشت گردی کو تمام ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ قرار دیا گیا اور اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سہہ فریقی اجلاس میں باہمی سیکورٹی دلچسپی اور تحفظات پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ اجلاس میں معلومات کے تبادلے کے ذریعے خطے سے داعش کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تینوں ممالک نے داعش کے خلاف باہمی تعاون اور اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ افغان وزارت دفاع میں پاکستان اور افغانستان کی افواج کے درمیان ایک اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں دونوں ہمسایہ ممالک کے وفود نے اپنے علاقوں میں جاری آپریشنز اور قیدیوں کے تبادلے پر غور کیا۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان اجلاس میں سرحد پار فائرنگ پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے دوطرفہ تعاون مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔