انٹر نیشنل ڈیموکریسی ڈے منانے کا مقصد جمہوریت پسند قوموں کو مضبوط کرنا اور طالع آزمائوں کی حوصلہ شکنی کرناہے جوعوام کی خواہشات کے برعکس مہم جوئی کریں ،

ملکی امن،استحکام اور تر قی کے لیے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے ، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کا انٹرنیشنل ڈیموکریسی ڈے کے موقع پر پیغام

جمعرات 14 ستمبر 2017 19:50

انٹر نیشنل ڈیموکریسی ڈے منانے کا مقصد جمہوریت پسند قوموں کو مضبوط کرنا ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل ڈیموکریسی ڈے منانے کا مقصد جمہوریت پسند قوموں کو مضبوط کرنا اور طالع آزمائوں کی حوصلہ شکنی کرناہے جوعوام کی خواہشات کے برعکس مہم جوئی کریں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ڈیموکریسی ڈے کے موقع پر کیا جو دنیا بھرمیںہر سال 15ستمبر کو منایا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اقتصادی و سماجی تر قی ،بین الاقوامی، امن اور سلامتی کے ساتھ ساتھ انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن،انسانی حقو ق اور تر قی کے اہداف کے حصول کے لیے جمہوریت کا ہونا ناگزیر ہے۔سپیکر نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی ،اقتصادی ثقافتی نظام میں شر کت کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے سیاسی لیڈر شپ کو آپس کہ اختلافات کو بھلا کر یکجا ہو نے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی یہ ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل مقامی طور پر ڈھونڈا جائے ۔جمہوریت شہریوں کی تمام شعبہ ہائے زندگی میںشمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو اس کا اصل وارث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حکومتی پالیسیو ں میں شمولیت جمہوریت کا بنیادی جزو ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کی بجائے اتفاق رائے کو تقویت دیتی ہے اور متضاد رائے میں اتفاق پیدا کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کا تسلسل جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور تمام سیاسی قوتیں قومی اہمیت کے حامل مسائل پر متحد ہیں اور پارلیمنٹ عوام کے فلاح وبہبود کے لیے فعال طور پر مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میںپاکستان میں جمہوری نظام کو باربار سبوتاژ کیے جانے سے ادارے کمزور ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ملک کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور ہم اقتصادی طور پر خود کفیل ہو سکتے ہیں۔