سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی ڈکیتی پکڑ ی لیکن میاںصاحب ابھی بھی پوچھتے ہیں کہ کیوں نکالا قمرزمان کائرہ

شریف خاندان نے ملک کو کرپشن دی، بدامن دی، جمہوریت کو تباہ کیا، جمہوری روایات کو تباہ کیا، سیاست میں پیسہ متعارف کرایا بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پی پی متحرک ہے ، پیپلز پارٹی ہر آنیوالے دن کیساتھ مضبوط ہورہی ہے‘جلسہ سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:50

سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی ڈکیتی پکڑ ی لیکن میاںصاحب ابھی بھی پوچھتے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زما ن کائرہ نے کہاکہ نوازشریف اور ان کا خاندان رنگے ہاتھوں چوری کرتے پکڑا گیا ہے،پی ٹی آئی کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، ملک دشوار صورتحال سے گزر رہا ہے صرف پیپلز پارٹی ہی عوام کی واحد امید ہے،سپریم کورٹ نے میاں صاحب کی ڈکیتی پکڑ ی لیکن میاںصاحب ابھی بھی پوچھتے ہیں کہ کیوں نکالا میاں صاحب آپ آئیں ہم آپ کو سمجھاتے ہیں کہ آپ کو کیوں نکالا آپ نے غریب پاکستانیوں کے خون پسینے کا پیسہ ملک سے باہر پہنچایا، آپ نے ملک کو اتنالوٹا کہ آپ سونے کے محل بناسکتے ہیں، این اے 120میں ووٹرز سے کہاجارہا ہے کہ ہم چور ہیں، قومی مجرم ہیں ، تمہارے شایان شان نہیں لیکن پھر بھی ہمیں ووٹ دو کیونکہ ہمارا پیٹ نہیں بھرا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوںنے پیپلز پارٹی کے این اے 120کے ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار فیصل میر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز رات قرطبہ چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س مو قع پرسید نیئر بخاری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور ، لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن، چوہدری اسلم گل، ثمینہ خالد گھرکی ، اسراربٹ اور امیدوار فیصل میر سمیت دیگر رہنمائوں بھی موجود تھے ۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شریف خاندان کی سٹیل ملز سونا اگلتی تھیں جو اربوں کھربوں دیکھتے دیکھتے بنالئے اور آدھی دنیا میں کاروبار پھیل گیا ہماری قیادت نے جانیں دی ہیں حلف نامے جمع کراکے باہر نہیں بھاگے، شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی پاکستان بنایا، آئین دیا آپ نے ملک کو کرپشن دی، بدامن دی، جمہوریت کو تباہ کیا، جمہوری روایات کو تباہ کیا، سیاست میں پیسہ متعارف کرایا، پیسہ پھینک تماشا دیکھ والی سیاست متعارف کرائی ۔

آئیں ہم بتاتے ہیں آپ کو کیوں نکالا قومی اداروں کو آپ اپنے خاندانی مقاصد کیلئے بھرپور استعمال کیا۔ اس موقع پرسنیئر رہنماسید نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کیا، سابق صدر آصف علی زرداری نے صدر مملکت ہونے کے باوجود اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو سونپ دئیے تاکہ پارلیمنٹ مضبوط ہو لیکن بعض لوگ جو خود کو سیاستدان کہتے ہیں وہ حقیقت میں سیاستدان نہیں ہیں کیونکہ سیاستدان پارلیمنٹ اور قومی اداروں کو مضبوط کرتا ہے ان پر تنقید نہیں کرتا ، کسی کی کردارکشی نہیں کرتا، ہمیں امیدہے کہ پیپلز پارٹی انشاء اللہ اس حلقے سے کامیابی حاصل کریگی اور فیصل میر بڑے مارجن سے کامیاب ہونگے کیونکہ ہم نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہے، اداروں کا احترام کیا ہے، جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں، بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پی پی متحرک ہے ، پیپلز پارٹی ہر آنیوالے دن کیساتھ مضبوط ہورہی ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ پوری قوم روٹی ، روزگار کیلئے پریشان ہے لیکن شریف خاندان ہر پل کروڑوں ، اربوں روپے کمارہا ہے ، کونسی قدرت ہے جو صرف شریف خاندان پر ہی مہربان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں اس وقت درجنوں خاندان اورشخصیات بڑے کاروباری تھے جب شریف خاندان نے کاروبار شروع کیا لیکن آج بھی وہ خاندان وہیں کھڑے ہیں لیکن میاں صاحب کسی سے پکڑے نہیں جارہے، کسی پروفیسر کو اتنے ملکوں کے نام یاد نہیںہیں جتنے ملکوں میں شریف خاندان نے اپنی جائیدادیں بنارکھی ہیں یا کاروبار کررکھے ہیں۔

چوہدری منظور نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے جتنا غریب اور عام آدمی کو مضبوط کیا اس کی مثال نہیں ملتی اسی کا غصہ اب حکمران پارٹی نکال رہی ہے، غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، بجلی آتی نہیں لیکن بھاری بل آتے ہیں ، تعلیم ،صحت سب کچھ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہاکہ پنجاب اورلاہور پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے ، یہاں گھس بیٹھئے لوگوں کو باہر نکال کر ایک بار پھر غریب عوام کی پیپلز پارٹی کا پرچم لہرائیں گے ۔

چوہدری اسلم گل نے کہا کہ قومی اداروںکو مطلوب خاندان آج بھی ڈھٹائی سے ووٹ مانگ رہا ہے اس پر کہنا بنتا ہے کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔ انہوںنے ناراض جیالوں کو مخاطب کرکے کہا کہ باہر نکلو اور بھٹو کی پی پی ، بی بی کی پی پی، بلاول کی پی پی اورآصف علی زرداری کی پی پی کو مضبوط کرو، اب مزید بدمعاشی مت چلنے دو اور ووٹ کے ذریعے بدمعاشوںاور چوروں لٹیروںکوبھگادو۔

ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جتنا خواتین کومضبوط کیا اس کی مثال نہیں ملتی، خواتین کو گھر بیٹھے سہولیات پہنچائیں ، جو خواتین آج باعزت زندگی گزار رہی ہیں وہ جانتی ہیں کہ شہید بی بی نے ہی ان کی مشکلات دورکرکے کامیابی کے راستے کھولے۔ لاہور کے جنرل سیکرٹری اسرار بٹ نے یوتھ کو مخاطب کرکے چوروں اورڈاکوئوں کو شکست دینے کیلئے 17ستمبر کو باہر نکلیں اور تیر پر مہر لگاکر جھوٹوں اومکاروںکی سیاست کودفن کردیں ۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے کہا کہ 17ستمبر پیپلز پارٹی کی کامیابی کا دن ہوگا، ہم نے بیک وقت حکومتی مشینری اور ن لیگ کامقابلہ کیا، ہم پر گولیاں چلائی گئیں ، ووٹرز کوخوفزدہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی لیکن آج انسانوںکا ٹھاٹھیں مارتا سمندر بتارہا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں، ہم عزت کیلئے جان دینا جانتے ہیں ہمیں گولیاں ، بندوقوں سے مت ڈرائو ہم بلاول بھٹو کے سپاہی ہیں، ہم بھٹو کی سیاست کرتے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے جیالوں نے دن بھر خصوصی انتظامات کیے، اطراف کی عمارتوںکو پیپلز پاٹری کی قیادت اور امیدوار فیصل میر کے انتخابی مہم کے تشہیری مواد سے خوبصورتی سے سجایاگیا تھا، جبکہ روشنی کیلئے بھی زبردست انتظامات کیے گئے تھے۔ پنڈال میںپیپلز پارٹی کے ترانوں پر جیالے رقصاں رہے ، قیادت کے خطاب کے دوران جیالوں نے ن لیگ سمیت دیگر سیاسی مخالفین کیخلاف نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ اختتام تک جئے بھٹو ، جئے بی بی، جئے بلاول اور جئے زرداری کے نعرے گونجتے رہے، جلسے میں خواتین اورنوجوانوںکی بھی اکثریت موجود تھی جنہوںنے پارٹی پرچم کے رنگوںوالے سوٹ ، ٹوپیاں اور بیجز لگارکھے تھے،جبکہ سنیئر قائدین بھی وقفے وقفے سے اور اپنے خطاب کے دوران جئے بھٹو کے نعرے لگواکر کارکنوں کا خون گرماتے رہے۔

صوبائی اور لاہور کی قیادت جیالوں کے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے پنڈال میں پہنچی۔