لاہور ہائی کورٹ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں عدالتی فیصلے کے خلاف تمام اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرلیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 ستمبر 2017 13:35

لاہور ہائی کورٹ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں عدالتی فیصلے کے خلاف تمام ..
 راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 ستمبر۔2017ء) لاہور ہائی کورٹ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں عدالتی فیصلے کے خلاف آصف علی زرداری کی تمام اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس طارق عباسی اورجسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی ڈویژن بنچ نے کی، پیپلزپارٹی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم پرویز مشرف کا داخل دفتر کیس ری اوپن کرکے ان کی غیر حاضری میں سماعت شروع کی جائے جب کہ پولیس افسران کوسنائی گئی قید کی سزاکو پھانسی میں تبدیل کیاجائے، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بری کیے گئے پانچوں ملزمان کو بھی سزائے موت دی جائے۔

عدالت نے تینوں اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی عدالت اورایف آئی اے پراسیکیوٹرز کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب اور ریکارڈ 27 نومبر تک طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزادکی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی سزاوں کو معطل کردیا تھاجس پر آصف علی زرداری نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یہ فیصلہ قبول نہیں اور وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔